کراچی کو جتنے وسائل صدر زرداری نے دیے، کسی نے نہیں دیے، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تین نسلوں سے پی پی اور میرا خاندان کراچی کی ترقی کے لیے کام کر رہے ہیں، صدر آصف زرداری نے جتنے وسائل کراچی کو دیے، کسی نے نہیں دیے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے قیوم آباد تا شاہ فیصل ملیر ایکسپریس وے کا افتتاح کردیا جس کا نام ذوالفقار علی بھٹو ایکسپریس وے رکھا گیا۔
افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سندھ کابینہ کے اراکین، پی پی پی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، قائم علی شاہ سمیت پارٹی کی سینئر قیادت موجود تھی۔
بلاول بھٹو زرداری نے 100 روپے ٹول ٹیکس ادا کیا، گاڑی خودچلائی
بلاول بھٹو نے شاہراہ بھٹو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد عوام شہید بھٹو نے بھی کراچی کو بڑے بڑے منصوبے دیے، شاہراہ فیصل اسٹیل مل سمیت ودیگر اہم منصوبے بھٹو نے دیے، شہید بھٹو نے دو آمرانہ حکومتوں سے جدوجہد کی۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ جدوجہد میں کراچی کے نوجوانوں کا اہم کردار تھا، محترمہ بینظیر بھٹو نے ہمیشہ کراچی میں امن امان قائم کرنے کی کوشش اور نوجوانوں کو روزگار دینے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ صدر زرداری نے جتنے وسائل کراچی کو دیے، اس سے پہلے کسی نے نہیں دیا، مصطفی کمال کے بیانات بھی ریکارڈ پر موجود ہیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جو منصوبے دیے وہ کامیاب ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے مل کر کام کرنا پڑے گا، اگر کاروباری طبقے کو منافع نہیں ہوگا تو وہ آپ کے ساتھ کیوں کام کرے گا؟ شہر کے تمام مسائل کا حل پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نکالیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملیر ایکسپریس وے کے فیز ون کا افتتاح کردیا
بلاول بھٹو نے کہا کہ شہر کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، دوسرے ملکوں سے بھی لوگ یہاں بسنے آتے ہیں، میں سی ایم سندھ سے درخواست کرتا ہوں کہ پہلے آپ اپنی بزنس کمیونٹی کو مطمئن کریں پھرعالمی سرمایہ کار خود بخود آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کا بڑا مسئلہ ہے، قائم علی شاہ کے دور سے کراچی میں پانی کا مسئلہ ہے، میئر اور وزیر بلدیات سے کہتا ہوں کہ پانی کے منصوبے پر کام کریں، میں خوش ہوا کہ وزیر اعلی سندھ نے پانی کی ڈی سیلینیشن کا سوچا ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ گرین پارکس بنائیں، اگلے بجٹ میں سولر اورُ گرین انرجی کے لیے اسپیس رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر میں 20 سال بعد الیکشن میں جائوں تو عوام کو بتا سکوں کہ میں نے یہ کام کیے ہیں، پیپلز پارٹی مثبت سیاست پر یقین رکھتی ہے۔