Aaj News

جمعہ, جنوری 10, 2025  
10 Rajab 1446  

پنجاب اسمبلی اجلاس میں پی ٹی آئی کا احتجاج، عمران خان کی رہائی مطالبہ

پی ٹی آئی اراکین عمران خان کی رہائی کے بینرز اٹھا کر اجلاس میں شریک ہوئے اور ان کے حق میں نعرے لگائے
شائع 10 جنوری 2025 07:22pm

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف نے ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کیا، پی ٹی آئی اراکین نے ہاتھوں میں بینرز اٹھائے سابق وزیراعظم عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر احمد چنڑ کی زیرصدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا، جس میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان نے شرکت کی۔

وزیر زراعت پنجاب کی تقریر کے دوران اپوزیشن ارکان نے نعرہ بازی کی۔ پی ٹی آئی اراکین اسمبلی عمران خان کی رہائی کے بینرز اٹھا کر شریک ہوئے اور بانی چیئرمین کے حق میں نعرے لگائے۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر نے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو نعرے بازی سے روکتے ہوئے سیٹوں پر بیٹھنے کی ہدایت کی تو حزب اختلاف نے واک آؤٹ کردیا۔

اپوزیشن لیڈر احمد خان بچھر نے کہاکہ 9 مئی 2023 سے 26 نومبر 2026 تک ہمارے ایم پی ایز کے ساتھ پولیس کے ذریعے جو زیادتیاں ہوئی ہیں اس پر تحریک استحقاق جمع کروائی گئی تھی، جس پر کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔

انہوں نے کہاکہ پولیس ہمارے ارکان پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہی ہے، لیکن استحقاق کمیٹی ہماری تحریک التوا کار پر نوٹس جاری نہیں کرتی، اس لیے ہم ایوان کی کارروائی کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔

بعد ازاں ڈپٹی اسپیکر ظہیر احمد چنڑ نے وزیر قانون پنجاب صہیب بھرتھ اور سمیع اللہ خان کو اپوزیشن ارکان کو منانے کے لیے بھیجا، جس پر حزب اختلاف کے ارکان ایوان میں واپس آگئے۔

imran khan

lahore

punjab assembly

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)

pti protest punjab assembly