پی ٹی آئی نے اپنے ارکان اسمبلی و ٹکٹ ہولڈرز سے لاکھوں کے فنڈز مانگ لیے
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے اپنے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے لاکھوں روپے کے فنڈز مانگے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اس وقت شدید مالیاتی بحران کا شکار ہے اور پارٹی کے ساتھ منسلک ملازمین کو 3 ماہ سے تنخواہیں بھی نہیں ملیں، جس کی وجہ سے تحریک انصاف نے فوری طور پر فنڈریزنگ مہم شروع کردی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ارکان اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز سے سالانہ 2 لاکھ 40 ہزار روپے فنڈ مانگ لیے، جس کے اکٹھا کرنے کی ذمے داری چیف وہپ عامر ڈوگر اور پارلیمانی لیڈرز کو سونپی گئی ہے۔
اس حوالے سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ارکان اسمبلی اور پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز 2 قسطوں پر فنڈ جمع کرائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی جانب سے فنڈز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت کے بعد مانگے گئے ہیں۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی چیئرمین، سیکرٹری جنرل، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل کی طرف سے مراسلے بھجوا دیے گئے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی اس وقت تاریخ کے مشکل مالیاتی بحران سے گزر رہی ہے۔