Aaj News

بدھ, جنوری 08, 2025  
07 Rajab 1446  

سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے والوں کیخلاف مقدمات درج کرانے کا فیصلہ

سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے متروکہ سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا بھی فیصلہ کر لیا
شائع 07 جنوری 2025 06:15pm

سندھ حکومت کی جانب سے سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اہم اجلاس ہوا، جس میں صوبائی وزراء سعید غنی، علی حسن زرداری اور چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، سیکریٹری جی اے محمد نواز سوہو شریک ہوئے۔

ذیلی کمیٹی برائے کفایت شعاری کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری گاڑیاں واپس نہ کرنے اور ان کا غیر مجاز استعمال کرنے والوں کو نامزد کرکے ایف آئی آرز کٹوائی جائیں گی۔

کمیٹی اجلاس میں متروکہ سرکاری گاڑیوں کی نیلامی کا بھی فیصلہ کیا گیا جبکہ ممبران نے اپنی سفارشات پیش کیں وار اخراجات میں کمی یقینی بنانے کی تجاویز بھی دیں۔

سرکاری گاڑیوں کے استعمال، پیٹرولیم، آئل اور لبریکنٹس کے اخراجات کو کنٹرول کرنے اور بے کار گاڑیوں کی نیلامی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ممبران نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی الاٹمنٹ اور ریگولیٹ کرنے کے لیے واضح رہنما خطوط پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ نیلامی کا عمل شفاف بنانے اور حاصل ہونے والے فنڈز ترجیحی منصوبوں کے لیے مختص کرنے کی تجاویز بھی دی گئی۔

شرجیل میمن نے کہا کہ سرکاری گاڑیوں کے غیر ضروری استعمال کے روک تھام اور پی او ایل کے بڑھتے ہوئے اخراجات کم کرنے کی ضرورت ہے، خراب گاڑیوں کی نیلامی مکمل طور پر شفاف بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

CM Sindh

Sindh government

sindh cabinet

sindh