عدلیہ کے وقار کو ’ورلڈ جسٹس انڈیکس‘ میں بحال کرنے کی کوشش پر زور
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت عدالتی اصلاحات سے متعلق اجلاس میں عدلیہ کے وقار کو ’ورلڈ جسٹس انڈیکس‘ میں بحال کرنے کی کوشش کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں عدالتی اصلاحات پر اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، جس میں کہا گیا کہ اجلاس کے آغاز پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے شرکا کا خیرمقدم کیا، جس کے بعد ایجنڈے پر غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں عدالتی عمل کو ڈیجیٹل بنانے پر زور دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں عوام کو انصاف کی فراہمی کے منصوبے پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں عدالتی شفافیت، تیز انصاف اور اصلاحات کے بنیادی اہداف مقرر کیے گئے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں کیسز کے التوا کو کم کرنے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عدلیہ کے وقار کو ورلڈ جسٹس انڈیکس میں بحال کرنے کی کوشش کرنے پر زور دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے عدالتی اصلاحات سے متعلق عوامی فیڈ بیک جاننے کیلئے فارم کا اجرا کردیا
اجلاس کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ میں اصلاحات سے متعلق عوام سے تجاویز لینے کے لیے ’آن لائن فیڈبیک فارم‘ کا آغاز کیا جاچکا ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئی ٹی ڈائریکٹوریٹ نے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی پر پیش رفت بارے بتایا جبکہ سپریم کورٹ نے عدالتی عمل کو مزید شفاف بنانے کا عزم کیا، اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عدالتی عمل کو جلد از جلد ڈیجیٹل بنایا جائے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ اجلاس میں افسران کی تجاویز اور آرا پر سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا۔