انٹر کے طلبہ کو جلد از جلد اسکروٹنی فارم جمع کرانے کی ہدایت، فیس آدھی کردی گئی
انٹر بورڈ کراچی کے نتائج پر طلبہ کے تحفظات سامنے آنے کے بعد اسکروٹنی فارم جمع کرانے کیلئے لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ پرچوں کی اسکروٹنی فیس بھی 50 فیصد کم کردی گئی، فی پرچہ اسکروٹنی اب 500 روپے میں ہوگی۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے انٹرمیڈیٹ حصہ اول کے سالانہ امتحانات برائے 2024ء کے نتائج پر طلبہ کی جانب سے اٹھائے گئے تحفظات کے پیش نظر فوری طور پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی سید شرف علی شاہ نے بروز جمعہ تین جنوری کو اپنا عہدہ سنبھالا ہے۔
چیئرمین سید شرف علی شاہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈپارٹمنٹ محمد عباس بلوچ سے میٹنگ کی جس میں طلبہ کے تحفظات دور کرنے کیلئے انکوائری کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کمیٹی کامقصد نتائج کی جانچ پڑتال اور شفافیت کو یقینی بنانا ہے تاکہ طلبہ کے اعتماد کو بحال کیا جاسکے۔ کمیٹی اس تمام معاملہ کی انکوائری کر کے ایک ماہ میں طلبہ کی شکایات کا ازالہ کرے گی۔
چیئرمین انٹربورڈ سید شرف علی شاہ نے کہا ہے کہ طلبہ ہماری ترجیح اور مستقبل ہیں ان کی شکایات کے تدارک کے لئے ہم ہر ممکن اقدام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ طلبہ کے تحفظات دور کرنے کیلئے قائم کمیٹی امتحانی عمل مزید شفاف اور معیاری بنانے کیلئے مکمل غیرجانبداری سے کام کرے گی۔ کمیٹی پرچوں کی جانچ اور نتائج کی تیاری کے عمل میں شفافیت سمیت تمام پہلوؤں کا مکمل جائزہ لے گی۔
شرف علی شاہ نے طلبہ اور ان کے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے تحفظات اور تجاویزبراہ راست انٹربورڈ میں جمع کروائیں تاکہ کمیٹی ان کا بھی جائزہ لے سکے۔
چیئرمین انٹربورڈ کراچی نے کہا کہ وہ طلبہ جو اپنے نتائج سے مطمئن نہیں ہیں وہ اسکروٹنی فارم جلد از جلد بورڈ آفس میں واقع بینک بوتھ میں جمع کروا دیں۔