کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں فالو آن کا شکار پاکستانی ٹیم کی کم بیک کی بھرپور کوشش
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں جنوبی افریقا کے خلاف پاکستانی ٹیم فالو آن کا شکار ہوگئی، قومی ٹیم پہلی اننگز میں میزبان ٹیم کے 615 رنز کے جواب میں 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی جبکہ دوسری اننگز میں پاکستان نے قدرے بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنالیے جبکہ مہمان ٹیم کو اننگز کی شکست سے بچنے کے لیے مزید 208 رنز درکار ہیں۔
تیسرا روز
کیپ ٹاؤن میں کھیلے جارہے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز سے اننگز کا آغاز کیا، بابر اعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے جبکہ قومی ٹیم کو ہوم ٹیم کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 551 رنز درکار تھے۔
کپتان محمد رضوان اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، دونوں بلے بازوں نے 98 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابر 58 اور رضوان 46 رنز کے انفرادی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔
اس کے بعد قومی ٹیم کی وکٹیں سوکھے پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں اور پوری ٹیم 194 رنز پر آؤٹ ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی۔
سلمان آغا 19 ، کامران غلام 12، عامر جمال 15، خرم شہزاد 14 اور میر حمزہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، کپتان شان مسعود نے 2 رنز بنائے، سعود شکیل صفرپر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، اس کے علاوہ صائم ایوب زخمی ہونے کی وجہ سے بیٹنگ کے لیے نہ آسکے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے 3، مپاکھا اور کیشو مہاراج نے 2، 2، ویان مولڈر، مارکو جینسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 615 رنز کا پہاڑ کھڑا کیا تھا، جس کے جواب میں قومی ٹیم 194 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔
پاکستان نے فالو آن کے بعد دوبارہ کھیلتے ہوئے بہتر بیٹنگ کی اور اس کی پہلی وکٹ 205 رنز پر گری جب بابر اعظم 81 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے، بابر کے ساتھ آئے اوپنر شان مسعود نے اپنی شاندار سینچری مکمل کرلی اور فی الحال وکٹ پر جمے ہوئے ہیں۔
دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز بنالیے جبکہ قومی ٹیم کو مزید 208 رنز کے خسارے کا سامنا ہے۔ شان مسعود 102 اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد 8 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں
جنوبی افریقا کی جانب سے پاکستان کی واحد وکٹ مارکو جینس کے حصے میں جنہوں نے بابر اعظم کو 81 رنز پر چلتا کیا۔
دوسرا روز
جنوبی افریقا نے کھیل کے دوسرے دن کا آغاز 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز سے کیا تھا۔ ریان رکلٹن 259 رنز کی شاندار اننگ کھیل کر میر حمزہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے علاوہ دیگر بلے بازوں میں کائل ویرین 100، مارکو جینس 62، کیشو مہاراج 40، ڈیوڈ بیڈنگھم 5 اور کیوینا مفاکا 0 کے اسکور پر پویلین لوٹے جبکہ کیگیسو رباڈا 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے محمد عباس اور سلمان آغا نے 3، 3 جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
پاکستان کی جانب سے اننگ کا آغاز مایوس کن رہا اور 20 کے مجموعی اسکور پر تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ کپتان شان مسعود 2، کامران غلام 12 اور سعود شکیل 0 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس وقت کریز پر بابر اعظم 31 اور محمد رضوان 9 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور 551 رنز کا خسارہ پورا کرنا ابھی باقی ہے۔
پروٹیز کی جانب سے کیگیسو رباڈا نے 2 جبکہ مارکو جینسن نے 1 وکٹ حاصل کی۔
پہلا روز
جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلے دن کا کھیل مکمل ہونے تک 4 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنائے۔
72 رنز پر 3 وکٹیں گر جانے کے بعد جنوبی افریقی اوپنر رائن رکلٹن اور کپتان ٹیمبا بووما کے درمیان 235 رنز کی شراکت نے ٹیم کو مضبوط پوزیشن میں کھڑا کر دیا۔
ریان رکلٹن 176 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں اور ان کے ساتھ ڈیوڈ بیڈنگھم 4 رنز کے ساتھ ہیں۔
جنوبی افریقا کی جانب سے کپتان ٹیمبا بووما 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایڈن مارکرم 17، ویان مولڈر 5 اور ٹرسٹن اسٹبس صفر پر پویلین روانہ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے دو جبکہ خرم شہزاد اور محمد عباس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے نسیم شاہ کی جگہ فاسٹ بولر میر حمزہ کو شامل کیا ہے۔
پاکستانی پلئنگ الیون
جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران مغل، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان علی آغا، عامر جمال، میر حمزہ، خرم شہزاد اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔
خیال رہے کہ میچ کے پہلے روز ابتدائی اوورز میں پاکستانی بلے باز صائم ایوب فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری لائن کے قریب پاؤں مڑنے کے باعث زخمی ہوگئے، شدید تکلیف کے باعث ایکسرے کے لیے انہیں ہسپتال لے جایا گیا اور وہ 6 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔
واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ جنوبی افریقا نے جیتا تھا، جس کے بعد میزبان ٹیم کو ٹیسٹ سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
ون ڈے سیریز میں ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کی خفت اٹھانے کے بعد جنوبی افریقا نے پہلے ٹیسٹ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا تھا۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل جنوبی افریقا نے 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 0-2 سے جیتی تھی، ایک میچ بارش کی وجہ سے نہیں ہوسکا تھا جبکہ اس کے بعد 3 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے کلین سویپ کر کے کامیابی سمیٹی۔
test series