جعلی حکومت ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہی ہے، محمود اچکزئی
پختونخوا ملی عوامی پارٹی اور اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ جعلی حکومت ملک کو جان بوجھ کر خانہ جنگی کی طرف دھکیل رہی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمود اچکزئی نے کہا کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ سب کو پتا ہے، غیر آئینی، غیر جمہوری حکمرانوں کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے، پاکستان میں روزانہ 20 سے 30 لوگ قتل ہوتے ہیں، ملک میں قلم اور اسمبلی میں بولنے پر پابندی ہے، ان حالات میں بات پڑوسی ملک افغانستان پر بمباری تک پہنچ چکی ہے۔
مجلس وحدت المسلمین نے ملک بھر میں جاری دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا
انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت تمام پارٹیوں کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی ضرورت ہے، آل پارٹیز کانفرنس میں فوج اور صحافیوں کو بھی بلایا جائے، ہمارا فرض ہے کہ ہم بیٹھ کرخطے کو میدان جنگ نہ بننے دیں، خوش قسمتی سے بڑا سپر پاور چین ہمارا پڑوسی اور دوست ملک ہے، چین کے افغانستان سے بھی اچھے مراسم ہے، بیٹھ کر خطے کو جنگ سے بچانا چاہیے، افغانستان کو کشمکش کا گڑھ بنانے کے بجائے امن کا گہوارا بنایا جائے۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ جہاں بھی زمین کے اندر جہاں معدنیات ہوں وہاں فوج آجاتی ہے، بلوچستان، سندھ اور پنجاب ایک ہی پاکستان ہے، جس علاقے میں معدنیات ہوتی ہیں ان کے لوگوں کو حصہ ملنا چاہیے، اسوقت قصداً اور عملاً شہباز شریف کی جعلی حکومت ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جارہی ہے۔
سربراہ ایم ڈبلیو ایم علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پاکستان صرف آئین کی حکمرانی کے تحت چل سکتا ہے، پاکستان میں معاشی، اخلاقی اور سیاسی بحران ہے، اس حکومت کا ہر گزرتا دن مسائل میں اضافہ کر رہا ہے، رجیم چینج آپریشن ہوا، پی ڈی ایم آئی، نگراں حکومت آئی، اب یہ جعلی حکومت آئی ان سب سے کچھ بھی نہیں ہوا، سب کچھ بلڈوز کیا جارہا ہے۔
ججز کی تعیناتی پر غور کیلئے اجلاس جوڈیشل کمیشن کی تاریخ کا اعلان
انہوں نے کہا کہ تمام اہم ملکی ادارے تباہ کردیے گئے ہیں، عدلیہ کو مفلوج کردیا گیا، عدلیہ کا استقلال ختم کردیا گیا، عدلیہ انتظامیہ کے زیر نگرانی کردی گئی، پاکستان کے آئین کے ڈھانچے کو ختم کردیا گیا، آئینی ترامیم ملک کے ساتھ کھیلنے کے مترادف ہے، پاکستان تباہی کے دہانے پر ہے،حکمرانوں کے پاس کوئی پلاننگ نہیں ہے۔
علامہ راجہ ناصر جعفری نے مزید کہا کہ یہ حکومت عوام کا اعتماد کھو چکی ہے، ہماری دنیا میں کوئی اہمیت نہیں رہی، پہلے ہمارا دشمن انڈیا تھا اب ایک نیا دشمن بنا لیا ہے، برادر اسلامی ملک افغانستان کو دشمن بنایا جارہا ہے، بلاول بھٹو زرداری اور اسحاق ڈار ایک بار بھی وہاں نہیں گئے، ہمارا کلچر ایک جیسا ہے، آخر ہم کیوں دشمنیاں پیدا کررہے ہیں؟