کرم میں کل قافلے کی روانگی کیلئے انتظامات، اسلحہ جمع کرانے کا ٹائم فریم جاری
پشاور: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کی روشنی میں علاقے کو اسلحہ اور بنکرز سے پاک کیا جائے گا اور معاہدے کے مطابق اسلحہ جمع کرنے کے لیے دونوں فریق 15 دنوں کے اندر مربوط لائحہ عمل فراہم کریں گے۔
علاوہ ازیں انہوں نے بتایا کہ بروز ہفتہ جانے والے کانوائے (قافلے) کے سفری اور حفاظتی انتظامات جاری ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے مزید کہا کہ اسلحہ کے آزادانہ نمائش و استعمال پر پابندی ہوگی، اور اسلحہ خریدنے کے لیے چندہ جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ معاہدے کے مطابق فریقین کے ہر قسم کے بنکرز کی تعمیر پر پابندی ہوگی، موجودہ بنکرز کو ایک مہینے کے اندر ختم کیا جائے گا۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے انتباہ دیا کہ بنکرز کی مسماری کے بعد اگر کوئی فریق لشکر کشی کرتا ہے تو انہیں دہشت گرد سمجھ کر کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ کرم میں قیام امن کیلئے فریقین نے یکم جنوری کو معاہدے پر دستخط کیے تھے۔