Aaj News

ہفتہ, جنوری 04, 2025  
03 Rajab 1446  

دھرنے ختم کرنے کا اعلان مرکزی قیادت کے حکم پر ہوگا، علامہ حسن ظفر نقوی

نمائش چورنگی پر پولیس وردی میں لوگوں نے ہماری املاک کو نقصان پہنچایا، پریس کانفرنس
شائع 01 جنوری 2025 11:21pm

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید حسن ظفر نقوی نے کہا ہے کہ احتجاجی دھرنے ختم کرنے کا اعلان مرکزی قیادت کے حکم پر ہوگا، سندھ حکومت جھوٹا پروپیگنڈا کر رہی ہے، وزیراعلیٰ ، وزیر داخلہ یا پولیس چیف کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

علامہ سید حسن ظفر نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ سندھ کی پریس کانفرنس جھوٹ پر مبنی ہے، سندھ حکومت مسلسل دھمکیاں دے رہی ہے، ہم کسی دھمکی کو خاطر میں نہیں لاتے، میرے خلاف ایف آئی آر کاٹی گئی، نمائش چورنگی پر پولیس وردی میں لوگوں نے ہماری املاک کو نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا دھرنا اسلام آباد اور پارا چنار سے منسلک ہے، پارا چنار سے اعلان ہوگا ہم بھی دھرنے ختم کردیں گے، اسلام آباد سے کراچی ناصر عباس شیرازی مرکزی دھرنے میں نمائش چورنگی پر پہنچیں گے، وہ آئندہ کے لائحہ عمل پر مرکزی قیادت کا پیغام دیں گے۔

یہ دھرنا جاری رہے گا جو کرنا ہے کرلو، علامہ حسن ظفر نقوی

ان کا کہنا تھا کہ عائشہ منزل پر ہمارے بچوں پر ظلم کیا گیا، میرے موبائل پر دیکھو کون ہیں جو املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، پولیس والوں نے غریبوں کو نقصان پہنچایا، پوری دنیا نے دیکھا کہ کس طرح پولیس نے آگ لگائی۔

ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ ملیر 15 پر پولیس نے سیدھی فائرنگ کی، جس سے ہمارے نوجوان شدید زخمی ہوئے، سندھ پولیس پیپلزپارٹی کی پولیس بن چکی ہے، 15 برس سے محکمہ پولیس صوبائی حکومت کی کرپشن کا شکار ہے، کرپٹ افسران 20 برس سے ایک ہی جگہ پر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم آج بھی نمائش چورنگی پر دھرنا دیئے بیٹھے ہیں، سندھ حکومت جھوٹا پروپیگنڈا کر رہی ہے، باودی پولیس اہلکاروں نے املاک کو نقصان پہنچایا، سندھ حکومت نے ہمارے مقابلہ پر کالعدم جماعتوں کے دھرنے دلوائے۔

علامہ حسن نقوی نے کہا کہ ہم تو مہینوں کا سوچ کر دھرنا دیا تھا، ہمارے مذاکرات کامیاب ہوگئے ہیں، معاہدہ کامیاب ہوا، جرگے نے جو بھی فیصلہ کیا ہم بھی مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارا چنار والوں نے کراچی والوں کو سلام پیش کیا ہے، پارا چنار کے شرکاء دھرنے نے کراچی کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا ہے، افواہیں پھیلائی گئیں کہ جرگہ ناکام ہوگیا۔

اپنی پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ ہم سیاست کرنے نہیں آئے، ہمارا دھرنا پاراچنار کے عوام سے اظہار یکجتی کے لیے تھا، یہ ایک جماعت کی نہیں، بلکہ مظلوموں کی کامیابی ہے، شکر ہے معاہدہ ہوگیا ، ورنہ ہم نے بھی قسم کھائی تھی کہ یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔

کریک ڈاؤن کے باوجود کراچی میں دو مذہبی جماعتوں کے 12 دھرنے جاری، مقدمات درج ہونا شروع

انہوں نے کہا کہ ملک گیر پر امن احتجاجی دھرنے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے حکم پر دیئے گئے تھے، مجلس وحدت مسلمین نے ریاستی جبر کے خلاف آج یوم سیاہ منایا ہے۔

علامہ نقوی نے کہا کہ سندھ پولیس نے حملہ کرکے ہمیں قتل کرنے کوشش کی، نمائش سمیت تمام پر امن احتجاجی دھرنوں پر کریک ڈاؤن ریاستی جبرہے، تمام واقعات کی ذمہ داری وزیر اعلیٰ سندھ اورریاستی ادارے پر عائد ہوتی ہے۔

کراچی میں اہلسنت والجماعت کے دھرنے بھی شروع، مزید راستے بند

ان کا مزید کہنا تھا کہ احتجاجی دھرنوں میں حکومتی وفد نے بھی اظہار یکجہتی کے لئے شرکت کی تھی، سندھ حکومت جواب دے کس کے ایما پر پر امن دھرنوں پر دھاوا بولا گیا؟ وزیر اعلی مراد علی شاہ فی الفور مستعفی ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے جھوٹے مقدمات قائم کرکے بے گناہ نوجوانوں کو گرفتارکیا گیا، مولانا اصغر شہیدی سمیت 19 نوجوانوں کی ایف آئی آرکاٹ دی گئی، پولیس فائرنگ سے ملیر میں نوجوان شبیہہ حیدر شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، وزیر اعلیٰ، وزیر داخلہ سمیت پولیس چیف کے بیانات میں تضاد ہے۔

ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ وزیر داخلہ پہلے اپنی معلومات میں اضافہ کریں اور پھر بیانات جاری کریں، سندھ حکومت کی جانب سے املاک کو نقصان پہنچانے اور فائرنگ کا جھوٹا پروپگینڈہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں پر امن احتجاجی دھرنوں کے منتظمین سے کہتا ہوں کہ نمائش چورنگی آجائیں، جیسے ہی گورنر ہاؤس کے پی کے سے اعلان ہوگا تو کراچی میں آئندہ کا لائحہ عمل جاری کیا جائے گا۔

پاکستان

karachi

IG Sindh

KPK

Sindh government

Sindh Police

MWM

Parachinar

Parachinar Clashes