نیو ائیر نائٹ پر ’شپارٹرز‘ کو پکڑنے کے لیے پولیس نے کمر کس لی
سال نو کے موقع پر منچلے نوجوانوں کو ہلڑ بازی اور فائرنگ سے روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے کمر کس لی گئی ہے۔
نیو ائیر نائٹ پر ٹریفک پلان کے حوالے سے خصوصی احکامات جاری کے گیے ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے کہا ہے کہ تمام سی ٹی اوز نیو ائیر نائٹ کے حوالے سے جامع اور منعظم ٹریفک پلان مرتب کریں۔
ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز ٹریفک کی روانگی کو یقینی بنائیں گے، انہوں نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ مری میں گنجائش سے زیادہ گاڑیاں داخل نہ ہونے دیں، اہم شاہراہوں پراضافی ٹریفک اہلکار تعینات کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ منچلے نوجوانوں کی ون ویلنگ اور کار سکٹنگ کی روک تھام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے، ہلڑ بازی ، بغیر سلنسر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔
ایڈیشنل آئی جی کا مزید کہنا تھا کہ تمام افسران ٹیم ورک اور کوآرڈینشن کے ساتھ فرآئض کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔
دوسری جانب سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے بھی نیو ائیر نائٹ کے موقع پر سخت احکامات دیتے ہوئے ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑبازی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ ون ویلنگ،ہوائی فائرنگ پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، منشیات اور شراب کی خریدو فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف موثر اقدامات یقینی بنائیں گے۔
2025 میں کتنی سرکاری چھٹیاں ہوگی، کابینہ ڈویژن نے کیلنڈر جاری کردیا
انہوں نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان ون ویلنگ، بائیکس کی آلٹریشن اور ہلڑ بازی سے اجتناب کریں، ورنہ سخت ایکشن ہو گا، قانون شکن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق نے بتایا کہ نیوائیر نائٹ پر پولیس کے خصوصی اسکواڈ تشکیل دئیے گئے ہیں، ڈولفن اسکواڈ، پی آر یو اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں شہر بھر میں پٹرولنگ کریں گی، سی ٹی او لاہور کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
سی سی پی او لاہور کا مزہد کہنا ہے کہ شہری قانون کے احترام کو اپنا شعار بنائیں، کسی بھی غیر قانونی اور غیر اخلاقی سرگرمی سے گریز کریں۔
انہوں نے سال نو موقع پر موٹرسائیکل کے الٹریشن کرنے والے مکینکس کے خلاف حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ ون ویلنگ کیلئے موٹر سائیکلوں کی آلٹریشن کرنے والے مکینیکس کے خلاف کارروائی کی جائے گی ، اور کہا کہ شہری ون ویلنگ، اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کی اطلاع 15 پر دیں۔
لاہور میں آتش بازی پر پابندی
لاہور بھر میں آتش بازی پر مکمل پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
انواٹرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی نے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا کہ نئے سال کی آمد پر کسی قسم کی آتش بازی نہیں کی جائے گی۔
ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کے مطابق شہر بھر میں آتش بازی کرنے والے افراد کیخلاف بلا امتیاز سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی، فضا میں آلودگی کے پیش نظر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ اسموگ کے تدارک کیلئے کوشاں ہے، شہری بھی تعاون کریں، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر اسموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے، فضائی آلودگی شہریوں میں صحت مسائل کا باعث بن سکتی ہے، صاف اور صحت مند ماحول کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں۔