Aaj News

منگل, اپريل 29, 2025  
1 Dhul Qadah 1446  

سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو عبرتناک شکست دے دی

جیت کے ساتھ ہی جنوبی افریقا کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کا امکان روشن ہوگیا
شائع 29 دسمبر 2024 04:57pm

سنچورین ٹیسٹ میں جنوبی افریقا نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی، فتح کے ساتھ ہی پروٹیز کا ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے کا امکان روشن ہوگیا۔

جنوبی افریقا کے شہر سنچورین میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستان 211 رنز پر آؤٹ ہوئی اور جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 301 رنز بناکر 90 رنز کی برتری حاصل کی، دوسری اننگز میں قومی ٹیم 237 رنز پر آؤٹ ہوئی اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 148 رنز کا آسان ہدف دیا۔

تاہم تیسرے دن کے اختتام پر قومی باؤلرز نے پروٹیز بلے بازوں کو خوب پریشان کیا اور دن کے اختتام تک 27 رنز پر ان کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیج دیا۔ اوپنر ٹونی ڈی زورزی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، ریان ریکلٹن کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے اور ٹرسٹن اسٹبز صرف ایک رن بنا سکے۔

کھیل کا چوتھا روز پاکستانی فاسٹ بولر محمد عباس کے نام رہا، چوتھے دن کا آغاز کرنے والے ایڈن مارکرم اور کپتان ٹمبا باؤما نے 43 رنز کی اہم شراکت قائم کی تاہم عباس نے پہلے مارکرم کو 37 اور پھر باؤما کو 40 رنز پر پویلین بھیج کر مہمان سائیڈ کی مشکلات میں اضافہ کیا۔

ڈیبیو کرنیوالے جنوبی افریقی کرکٹر نے پاکستان کیخلاف کھیلتے ہوئے 122 سال پرانا ریکارڈ توڑ ڈالا

ڈیوڈ بیڈنگھم بھی 14 رنز بناکر محمد عباس کا ہی شکار بنے، کائل ویریننے 02 رنز بناکر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، پہلی اننگز میں 81 رنز کی اننگز کھیلنے والے کوربن بوش کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے دسویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے 26 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا اور مارکرو جانسن کے ساتھ ملکر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

جنوبی افریقا 99 پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد بھی میچ جیتنے میں کامیاب ہوگیا، کھیل کے چوتھے روز 148 رنز کے تعاقب میں ٹیل اینڈرز نے شاندار بلےبازی کا مظاہرہ کیا، اس طرح تین میچوں کی سیریز میں پروٹیز کو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ تین جنوری سے کیپ ٹاؤن میں ہوگا۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے 6، نسیم شاہ اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی دوسری اننگز

میچ کے دوسرے روز اختتامی لمحات میں دوسری اننگز میں قومی ٹیم کے صائم ایوب 27، کپتان شان مسعود 28، کامران غلام 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

تیسرے روز قومی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز سے اننگز کی شروعات کی تاہم بارش کے باعث کھانے کے وقفے تک میچ شروع نہ ہوسکا۔

بابر اعظم اور سعود شکیل نے چوتھی وکٹ کے لیے 79 رنز کی شراکت داری قائم کی اور اسکور کو 153 رنز تک پہنچایا، بابر اعظم نصف سینچری اسکور کرنے کے بعد 50 رنز پر آؤٹ ہوئے۔

سعود شکیل نے پر اعتماد بیٹنگ کو جاری رکھتے ہوئے 50 اسکور کیا تاہم ان کی ہمت بھی 84 رنز پر جواب دے گئی جب کہ محمد رضوان نے 3 اور سلمان علی آغا ایک رن بناکر اپنی وکٹ گنوائی، عامر جمال 18 رنز ہی بناسکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے فاسٹ باؤلر مارکو جانسن نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، کگیسو رباڈا نے 2، ڈین پیٹرسن، اور کوربن بوش نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی پہلی اننگز

میچ کی پہلی اننگز میں قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر مکمل ناکام رہا، مڈل آرڈر بلے باز کامران غلام کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی نمایاں کارکردگی نہیں دکھا سکا، کامران غلام 54 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب 14، کپتان شان مسعود 17، بابراعظم 4، نائب کپتان سعود شکیل 14، محمد رضوان 27، عامر جمال 28 اور سلمان علی آغا 18 رنز بناسکے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5 اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کوربن بوش نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔

جنوبی افریقا کی پہلی اننگز

پاکستان کی طرح پروٹیز کے ٹاپ آرڈر میں ایڈن مرکرم 89 کے علاوہ کوئی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، تاہم باؤلنگ آل راؤنڈر کوربن بوش نے 81 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو واضح برتری دلوائی۔

قومی ٹیم کی جانب سے خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر جمال 2 اور محمد اور صائم ایوب ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔

سنچورین ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے جنوبی افریقی بولر نے پاکستانی ٹیم کے ہوش اڑادیے

دیگر کھلاڑیوں میں ٹونی ڈی زوردی 2، ریان رکلٹن 8 اور ٹرسٹن اسٹبز 9، کپتان ٹیمبا باووما 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

میچ کا ٹاس

پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ سینچورین میں کھیلا جارہے ہے جو کہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ ہے، جس میں پروٹیز کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

قبل ازیں پاکستان ٹیم نے سینچورین کی وکٹ کو دیکھتے ہوئے 4 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا، انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میں ڈراپ ہونے والے بابر اعظم کی بھی واپسی ہوئی ہے جبکہ ون ڈے سیریز میں مسلسل ناکام رہنے والے عبداللہ شفیق بھی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔

اس کے علاوہ فاسٹ باؤلر محمد عباس نے بھی قومی ٹیم میں تین سال بعد کم بیک کیا ہے، پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور شان مسعود اوپن کریں گے جبکہ بابر اعظم نمبر تین اور کامران غلام چوتھے نمبر پر بلے بازی کے لیے آئیں گے۔

میزبان ٹیم کی جانب سے ایڈن مارکرم اور مہمان ٹیم کی جانب سے سلمان علی آغا اسپن بولنگ کروائیں گے جبکہ جنوبی افریقا کی طرف سے کوربن بوش نے ٹیسٹ ڈیبیو کیا ہے۔

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ میں رسائی کے لیے جنوبی افریقا کے لیے ایک ٹیسٹ جیتنا ضروری ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں

پاکستان ٹیم میں شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔

جنوبی افریقا کی ٹیم میں ٹیمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرم، ٹونی زی زورزی، ریان رکلٹن، ٹرسٹن اسٹبز، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویریننے (وکٹ کیپر)، مارکو جانسن، کگیسو ربادا، دین پیٹرسن، کوربن بوش شامل ہیں۔

Centurion

test series

pak vs sa

test cricket

pakistan vs south africa

Boxing Day Test