Aaj News

منگل, دسمبر 31, 2024  
28 Jumada Al-Akhirah 1446  

کرم تنازعہ: فریقین کے درمیان معاہدے عمومی اتفاق، اہم شقیں سامنے آگئیں

اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، بیرسٹر سیف
اپ ڈیٹ 29 دسمبر 2024 05:52pm

کرم کی صورت حال پر کوہاٹ میں منعدقدہ گرینڈ قبائلی جرگہ دو روز کے لیے ملتوی ہوگیا ہے، فریقین میں اتفاق رائے ہوچکا ہے اور فریقین میں سے ایک نے معاہدے پر دستخط سے قبل مشاورت کے لیے 2 روز کا وقت مانگا ہے، معاہدے کے اہم انکات بھی منظر عام پر آگئے ہیں۔

کمشنر کوہاٹ معتصم بااللہ شاہ کا کہنا ہے کہ کرم میں پائیدار امن کی بحالی اور کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کے لئے 20 دن سے جاری امن گرینڈ جرگہ منگل تک ملتوی کر دیا گیا۔

کمشنر کوہاٹ کا کہنا ہے کہ فریقین میں سے ایک فریق نے دو روز کی مہلت مانگ لی، جس کے بعد امن گرینڈ جرگہ بیٹھے گا، 2 دن بعد منگل کے روز گرینڈ جرگے میں کرم میں امن و امان اور راستوں کی بحالی پر بات ہوگی۔

جرگہ ممبران کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان معاہدے کے اہم نکات پر اتفاق ہوگیا ہے، جن پر اتفاق رائے سے دونوں فریقین کے دستخط لاز م ہیں، 10 سے زائد نکات پر دونوں فریقین کے دستخط باقی ہیں، بات چیت بہت پُرامن ماحول میں ہوئی۔

جرگہ ممبران کا مزید کہنا تھا کہ یہ تب ہی ممکن ہے کہ معاہدے کی تمام شکوں پر دونوں فریقین میں سے کسی ایک فریق کو بھی کسی قسم کے اعتراضات یا تحفظات نہ ہوں۔

معاہدے کی اہم ترین شکوں میں چند آج نیوز کو موصول ہوئی ہیں، جن کے مطابق دونوں فریقین غیر قانونی بھاری اسلحہ حکومت اداروں کے پاس جمع کرانے کے پابند ہوں گے۔

معاہدے کے مطابق دونوں فریقین اپنے اپنے علاقوں سے فوری جنگی مورچے ختم کریں گے اور حکومت اپنی رٹ کو یقینی بناتے ہوئے بند راستے کھولے گی۔

ایک شق کے مطابق کسی بھی ایک فریق کی جانب سے معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو تمام نقصان کی ذمہ داری اس فریق پر عائد ہوگی، قانون توڑنے والا فریق معاہدے کے مطابق جرمانے کا مرتکب ہوگا۔

بیرسٹر سیف کا بیان

ادھر مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ کوہاٹ میں کرم تنازعے کے حل کے لیے جرگہ رات گئے تک جاری رہا، دونوں فریقین کے درمیان عمومی طور پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، صرف چند نکات پر ایک فریق نے مشاورت کے لیے دو دن کا وقفہ مانگا ہے۔

بیرسٹر سیف نے بتایا کہ اہلسنت نے اپنے عمائدین اور عوام سے مشاورت کے لیے دو دن کا وقت مانگا ہے، جرگے نے باہمی مشاورت کے بعد دو دن کا وقت دے دیا ہے، دو دن کے وقفے کے بعد جرگہ منگل کو دوبارہ شروع ہوگا۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ جرگے میں تمام بڑے نکات پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے، مشاورت مکمل ہونے کے بعد معاہدے پر دستخط کیے جائیں گے۔

گرینڈ جرگہ 9 گھنٹے جاری رہنے کے بعد ختم، حتمی فیصلے تک نہ پہنچ سکا

انہوں نے بتایا کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے کے مطابق بنکرز اور اسلحہ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت ایک صدی سے زائد پرانے تنازعے کے مستقل اور پائیدار حل کے لئے پرعزم ہے، وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور گرینڈ جرگے کی کوششوں سے تنازعہ حل ہونے کے قریب ہے، کمشنر کوہاٹ سمیت پوری انتظامیہ خلوصِ نیت کے ساتھ تنازعے کے خاتمے اور مستقل امن کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے امدادی کارروائیوں کے لیے اپنا ہیلی کاپٹر وقف کر دیا ہے، ادویات پہنچانے سمیت عوام کو فضائی سروس بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔

Grand Jirga

Barrister Muhammad Ali Saif

Parachinar

Kurram Situation