Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیرپور: 2 برادریوں درمیان تصادم میں مزید 3 افراد قتل، ہلاکتیں 5 ہوگئیں

دونوں گروپوں میں کشیدگی سے علاقے میں خوف و ہراس
شائع 24 دسمبر 2024 10:26pm

خیرپورکے علاقے پیر جو گوٹھ میں 2 برادریوں کے درمیان تصادم میں مزید 3 افراد قتل کردیے گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئیں۔

پیر جو گوٹھ کے علاقے گائوں گا گڑی سولنگی پر مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا، فائرنگ سے 2 افراد موقع پر ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

دوسری جانب 2 افراد کے جاں بحق ہونے پر سولنگی قبیلے کی جوابی کارروائی میں ناریجو برادری کے 3 افراد مارے گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 5 ہوگئی جبکہ لاشوں اور زخمیوں کواسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ایس ایس پی خیرپور توحید الرحمان میمن کا کہنا ہے کہ کچھ روز قبل انعام یافتہ ڈاکو پولیس مقابلے میں مارا گیا جبکہ سولنگی برادری کا پولیس اہلکار زخمی ہوا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ناریجو برادری کو شک تھا کہ ہلاک ہونے والے ڈاکو میں سولنگی برادری ملوث ہے اور زخمی ہونے والا پولیس اہلکار بھی اس میں ملوث ہے۔

ایس ایس پی خیر پور کے مطابق ناریجو برادری نے سولنگی برادری کے گاؤں پر حملہ کیا تھا، تاہم اب حالات مکمل طور پر کنٹرول میں ہیں، پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ اس وقت پورے علاقے میں خوف ہراس پایا جاتا ہے جبکہ صورت حال کے پیش نظرایس ایس پی خیرپور سمیت پولیس حکام و اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔

IG Sindh

Sindh government

sindh

Sindh Police