یورپی یونین کا فوجی عدالت سے 25 شہریوں کو سنائی گئی سزا پر اظہارِ تشویش
یورپی یونین نے پاکستان میں 21 دسمبر کو فوجی عدالت کی طرف سے 25 شہریوں کو سنائی گئی سزا پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ڈپلومیٹک سروس آف یورپی یونین نے کہا کہ ’فوجی عدالت کے فیصلے شہری اور سیاسی حقوق کے بین الاقوامی معاہدے (آئی سی پی آر) سے متصادم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی تھی کہ سانحہ 9 مئی 2023 میں ملوث مجرمان کو سزائیں سنا دی گئی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 25 ملزمان کو سزائیں سنائی ہیں۔
ملٹری کورٹس سے سزاؤں کے اعلان پر پی ٹی آئی کا ردعمل
اس حوالے سے یورپی یونین نے کہا کہ آئی سی سی پی آر کے آرٹیکل 14 کے مطابق ہر شخص کو عدالت میں منصفانہ سماعت کا حق ہے جو آزاد اور غیر جانبدار ہو۔
اسی آرٹیکل میں یہ بھی شرط موجود ہے کہ کسی بھی فوجداری مقدمے میں جو بھی فیصلہ دیا جائے اسے عام کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ یورپی یونین کی جنرلائزڈ اسکیم آف پریفرنسز پلس (جی ایس پی پلس کے تحت پاکستان نے رضاکارانہ طور پر 27 بین الاقوامی بنیادی کنونشنز بشمول آئی سی سی پی آر کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے تاکہ جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے مستفید ہوتے رہیں۔
سانحہ 9 مئی: فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کے تحت سزا پانے والوں کی تفصیلات جاری