Aaj News

جمعہ, دسمبر 20, 2024  
17 Jumada Al-Akhirah 1446  

خیبرپختونخوا کی ایپکس کمیٹی کا کرم میں تمام بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ

کُرم میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ،کُرم میں ادویہ اور دیگر اشیا بروقت فراہم کی جائیں گی، اجلاس میں فیصلہ
شائع 20 دسمبر 2024 02:22pm

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس میں ضلع کرم میں تمام بنکرز اور اسلحہ ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت میں کرم ضلع خیبر اور جانی خیل میں امن و امان کی صورتحال پر صوبائی ایپکس کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخواہ کے علاوہ اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں کرم میں قیام امن کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا، کرم کی صورتحال پر شرکا کو بریفنگ دی گئی اور گرینڈ جرگے کے حوالے سے ہونے والی پشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں ایپکس کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کُرم میں بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے، کُرم میں پائیدار امن کے لئے بنکرز اور بھاری اسلحہ ختم کرنا ضروری ہے، کُرم میں نجی سطح پر بنائے گئے بنکرز کا خاتمہ ہر صورت کیا جائے گا۔

اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کُرم میں پائیدار امن کے لئے اسلحہ کا رجحان ختم کرنا ہوگا، بھاری اسلحہ ختم ہونے سے ہی کُرم کے تمام زمینی راستے کھُل جائیں گے، کرم میں ادویات اور دیگر اشیائے ضروریہ بروقت فراہم کی جائیں گی۔

پاکستانی کمپنیوں پر امریکی پابندی کیخلاف پی ٹی آئی میدان میں آگئی

اجلاس میں نگراں کمیٹی کو صلح کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے گرینڈ جرگہ سے ملاقاتیں جارہی رہیں گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے لیے وفاقی حکومت اقدامات اُٹھائے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ ملک بھر میں امن امان برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہیں، ہر سطح پر امن یقینی بنانے کے لئے اقدامات اُٹھائے جائیں گے، اجلاس میں چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اور عسکری حکام نے بریفنگ دی۔

قبل ازیں، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کرکے صوبے میں قیام امن کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے ایوان وزیراعلیٰ آمد پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا، دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور کرم میں قیام امن کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو قیام امن کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں پورا تعاون کریں گے، کرم میں قیام امن اولین ترجیح ہے۔

سانحہ 9 مئی کی تحقیقات: عمران خان کی درخواست کو سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم

اس سے قبل مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا ضلع کرم میں مستقل امن و امان کے قیام کے لئے کوشاں ہیں۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا تھا کہ بنکرز اور اسلحے کے خاتمے کے بغیر پائیدار امن ممکن نہیں ہے، کابینہ فیصلے کے مطابق اسلحہ اور بنکرز کا خاتمہ ضروری ہے۔

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

barrister saif

Barrister Muhammad Ali Saif

KPK Apex Committee Meeting