پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی نے عمران خان کا حکم ہوا میں اڑا دیا
اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان مذاکراتی کمیٹی کے اراکین اور رہنماؤں کا ملاقات کے لیے انتظار کرتے رہے مگر 2 رہنماؤں کے علاوہ کوئی اور نہیں پہنچا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دن اور ہدایت کے باوجود مذاکراتی کمیٹی کے اراکین ملاقات کیلیے نہ پہنچے جبکہ عمران خان اُن کے منتظر رہے۔
بانی پی ٹی آئی سے صرف 2 پارٹی رہنما ملاقات کے لئے اڈیالہ جیل پہنچے، جن میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے علی امین گنڈا پور اور سلمان اکرم راجہ شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی ہدایت اور طلب کیے جانے کے باوجود باوجود مذاکراتی کمیٹی کے 5 اراکین اڈیالہ جیل نہ آئے اور عمر ایوب بھی نہیں پہنچے۔
ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے عمر ایوب، اسد قیصر، حامد رضا،علامہ راجہ ناصر عباس اور حامد خان کو ملاقات کے لیے بلایا تھا جبکہ انہوں نے عمر ایوب اور حامد خان کو بھی آج ملاقات کے لیے طلب کیا تھا۔
علی امین گنڈا پور نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کے دوران اور بعد میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں سول نافرمانی تحریک سمیت سیاسی، معاشی، صوبہ کے معاملات اور پارٹی رہنماؤں پر مقدمات بارے مشاورت کی۔