ایشوین کی اچانک ریٹائرمنٹ پر والد کا حیران کن انکشاف سامنے آگیا
معروف بھارتی کرکٹر روی چندرن ایشوین کی اچانک بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کے والد نے چونکا دینے والے انکشافات کردیے۔
روی ایشوین نے برسبین میں آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ٹیسٹ میچ کے اختتام کے بعد اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔
یہی نہیں بلکہ ایشوین ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے کے بعد فوری طور پر آسٹریلیا سے روانہ ہوگئے تھے جس کے بعد سے کرکٹ حلقوں میں ان کے ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔
ایشوین کا چنئی ایئرپورٹ پر شاندار استقبال کیا گیا۔ بھارتی کرکٹر کے والدین بھی آنکھوں میں آنسو لیے اپنے بیٹے سے ملے اور کہا کہ ایشوین کی ریٹائرمنٹ کا اعلان ان کے لیے بھی اتنا ہی صدمے کا باعث ہے جتنا ان کے لاکھوں مداحوں کے لیے ہے۔
ایشوین کے والد نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ’مجھے بھی ریٹائرمنٹ کے بارے میں آخری لمحات میں پتہ چلا۔ اسکے دماغ میں کیا چل رہا تھا یہ میں بھی نہیں جانتا۔ اس نے صرف اعلان کیا۔‘
ایشوین کے والد کا کہنا تھا کہ میں نے بھی انکے فیصلے کو خوش اسلوبی کے ساتھ قبول کیا ہے۔ میرے لیے اب اس معاملے سے متعلق کوئی جذبات نہیں ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جس طرح انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے اس میں ایک جانب میں خوش ہوں تو دوسری جانب دکھ بھی ہے، کیونکہ انہیں کھیل جاری رکھنا چاہیے تھا۔
ایشوین کے والد نے یہ بھی کہا، ’یہ اسکی خواہش ہے، میں اس میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ جس طرح اس نے ریٹائرمنٹ دی اس میں کئی وجوہات ہوسکتی ہیں، یہ صرف ایشوین جانتے ہیں۔ ہوسکتا ہے یہ (ریٹائرمنٹ) تضحیک ہو۔‘
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ گھروالوں کےلیے ایک جذباتی لمحہ ہے کیونکہ انہوں نے 15 سال فیلڈ پر گزارے۔ اچانک تبدیلی اور ریٹائرمنٹ ایک طرح کا صدمہ ہے۔
یاد رہے کہ ایشون نے 106 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 537 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ 116 ون ڈے انٹرنیشنل میں 156 اور 65 ٹی 20 انٹرنیشنل میں 72 وکٹیں حاصل کیں۔