Aaj News

بدھ, دسمبر 18, 2024  
15 Jumada Al-Akhirah 1446  

بھارتی کرکٹر نے اچانک انٹریشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

بھارتی کھلاڑی نے آسٹریلیا کیخلاف برسبین میں کھیلے گئے تیسرے میچ کے اختتام پر اعلان کیا
شائع 18 دسمبر 2024 01:11pm

بھارت کے اسٹار اسپنر روی چندرن ایشون نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

بھارتی آل راؤنڈر روی چندرن ایشون نے آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے برسبین میں کھیلے گئے تیسرے میچ کے اختتام پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

ایشون نے بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے ابتدائی 3 میچوں میں صرف ایک میں حصہ لیا، ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں اسپنر کو صرف ایک ہی کامیابی مل سکی۔

یاد رہے آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچ پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں بھارت اور دوسرے میں آسٹریلیا کو کامیابی ملی تاہم تیسرا میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا۔

برسبین میں میچ کے بعد بھارتی کپتان روہت شرما کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران ایشون نے کہا کہ آج بطور بھارتی کھلاڑی تمام فارمیٹ میں آخری دن ہے، میں سمجھتا ہوں کہ میرے میں اب بھی کرکٹ باقی ہے لیکن وہ میں کلب یا فرنچائز لیول پر کھیلتا رہوں گا، انٹرنیشنل کرکٹ سے میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتا ہوں۔

بھارتی اسپنر نے کہا کہ میں نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کو بہت انجوائے کیا اور روہت شرما سمیت دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ بہت یادگار لمحات بنائے تاہم یہ لمحہ بہت جذباتی ہے جب میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویسے تو بہت سے لوگوں کا شکریہ ادا کرنا بنتا ہے لیکن میں خاص طور بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) اور میرے ساتھی کھلاڑیوں اور کوچز کا بے حد مشکور ہوں، جن میں خاص طور پر ویرات کوہلی، اجینکا رہانے، چتوشر بچارا کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کی وجہ سے مجھے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے میں کامیابی ملی۔

دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے بھی ایشون کو ریٹائرمنٹ پر خراج تحسین پیش کیا، بی سی سی آئی نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ زبردست کیرئیر پر ایشون کو مبارک ہو۔

یاد رہے کہ ایشون نے 106 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کی جس میں انہوں نے 537 وکٹیں اپنے نام کیں جبکہ 116 ون ڈے انٹرنیشنل میں 156 اور 65 ٹی 20 انٹرنیشنل میں 72 وکٹیں حاصل کیں۔

test series

test cricket

Ravichandran Ashwin

india vs australia

australia vs india