Aaj News

پیر, اپريل 21, 2025  
22 Shawwal 1446  

جو روٹ نے پاکستان کے سابق کرکٹر کا 31 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا

انگلش بلے باز نے یہ کارنامہ نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ میں انجام دیا
شائع 18 دسمبر 2024 09:26am

انگلش کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے پاکستان کے سابق لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد کا 31 سال پرانا ریکارڈ توڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔

انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹسمین جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے یہ کارنامہ منگل کو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے چوتھے روز انجام دیا۔

روٹ نے کیویز کے خلاف دوسری اننگز میں 54 رنز کی اننگز کھیلی، اس دوران وہ ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

جو روٹ نے نیوزی لینڈ کے خلاف 40 اننگز کھیل کر 1925 رنز بنائے ہیں، اس سے قبل نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ پاکستان کے سابق کپتان جاوید میاں داد کے پاس تھا جنہوں نے 29 ٹیسٹ اننگز میں 1919 رنز بنائے تھے۔

جو روٹ نے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بناکر کس کھلاڑی کو پیچھے چھوڑ دیا

جو روٹ بھارت کے خلاف 2846 رنز بنانے والے دنیا کے دوسرے بیٹر ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے پاکستان کے خلاف 2911 اور بنگلا دیش کے خلاف 1816 ٹیسٹ رنز بنائے ہیں۔

جو روٹ کے پاس نیوزی لینڈ میں کسی بھی مہمان کھلاڑی کی طرف سے سب سے زیادہ 8 نصف سنچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی ہے۔

واضح رہے کہ جو روٹ انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹر ہیں، انہوں نے 152 ٹیسٹ میچز میں 12 ہزار 972 رنز اسکور کیے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ بھارت کے سچن ٹنڈولکر کے پاس ہے، جنہوں نے 200 میچز میں 15 ہزار 921 رنز بنائے۔

جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔

کرکٹ شائقین کا خیال ہے کہ جو روٹ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا سچن کا یہ ریکارڈ بھی توڑ دیں گے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ نے 3 میچوں کی سیریز 2-1 سے ہارنے کے باوجود حیران ریکارڈ اپنے نام کرلیا کیونکہ وہ گزشتہ میچ میں اتنے ہی مارجن سے ہارنے کے بعد 400 سے زائد رنز سے ٹیسٹ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

یاد رہے کہ منگل کو سیڈن پارک میں کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 423 رنز سے شکست دی تھی، انگلینڈ کی آخری ٹیسٹ میچ میں شکست کے بعد ان کا کلین سویپ کا خواب چکنا چور ہوگیا۔

نیوزی لینڈ ٹیم کو بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی انگلینڈ کیخلاف سیریز سے باہر

اس میچ میں کیوی کھلاڑی ٹم ساؤتھی نیوزی لینڈ کے لیے اپنا الوداعی ٹیسٹ کھیل رہے تھے، ابتدائی 2 میچز جیت کر انگلینڈ نے پہلے ہی سیریز اپنے نام کرلی تھی۔

انگلش کھلاڑیوں نے گیند چمکانے کا نیا طریقہ نکال لیا، ویڈیو وائرل

یہ ایک کیلنڈر ایئر کے دوران 400 سے زیادہ رنز سے انگلینڈ کی دوسری شکست ہے، اس سے قبل انگلینڈ کو فروری میں بھارت کے ہاتھوں 434 رنز کی شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

test series

Joe Root

test cricket

England vs New zealand

Javed Miandad

hamilton

new zealand vs england