علی امین گنڈاپور کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی، انتظار کے بعد واپس روانہ
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تاہم جیل حکام کی جانب کی ملاقات کی اجازت نہ ملنے پرعلی امین گنڈا پور اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے لیے اپنے پروٹوکول کے ہمراہ اڈیالہ جیل پہنچے مگر انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔
علی امین گنڈا پور کو اڈیالہ جیل کے باہر روکا گیا اور وہ گیٹ نمبر 5 کے باہر پروٹوکول کے ہمراہ موجود رہے۔
وزیر اعلی خیبرپختونخوا کو اڈیالہ جیل میں داخلے کی اجازت نہ ملی جبکہ قافلے کے اڈیالہ جیل گیٹ نمبر 5 کے باہر پہنچنے پر سڑک کی ایک جانب ٹریفک معطل رہی۔
بعد ازاں جیل عملے نے علی امین کو آگاہ کیا کہ ابھی ملاقات سے متعلق کوئی اطلاع نہیں جس کے بعد وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پروٹوکول کے ہمراہ اڈیالا جیل سے گورکھ پور کی طرف روانہ ہوگئے۔
یاد رہے کہ علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے۔
عمران خان ڈیل کے بجائے 500 سال جیل میں رہنے کو تیار ہیں، فواد چوہدری
سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان 500 سال جیل میں رہنے کو تیار ہیں لیکن کسی ڈیل کے لیے تیار نہیں۔
پیر کے روز سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں بتایا کہ آج وہ 9 مئی کے ایک مقدمے میں اڈیالہ جیل میں حاضر ہوئے، جہاں پر ان کی بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات ہوئی۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ اڈیالہ جیل میں انہوں نے شاہ محمود قریشی اور عمران خان سے ملاقات کے دوران سیاسی مشاورت کی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے جواں حوصلوں سے نیا ولولہ ملتا ہے، عمران خان کا پیغام ایک ہی ہے 5 سال نہیں بلکہ اگر 500 سال جیل میں رکھو تب بھی وہ کسی ڈیل کے لیے تیار نہیں، ہاں مذاکرات کریں، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے سیاسی جماعتیں مفاہمت و گفتگو پر یقین رکھتی ہیں، ملک میں جاری بحران کے خاتمے کے لیے بات چیت واحد راستہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان انتقام پر یقین نہیں رکھتے بلکہ حقوق پر یقین رکھتے ہیں، سیاسی درجہ حرارت میں کمی ملک، قوم اور ملکی سیاست کے مفاد میں ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے تعاون سے آگے بڑھے گی، ملک میں نئے انتخابات کی طرف جانے کے لیےجامع حل تلاش کرنا اصل مقصد ہے۔
گنڈاپور کو عمران خان سے ملاقات سے روکنا توہین عدالت ہے، ڈاکٹر سیف
بعدازاں مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا تھا کہ عدالتی حکم کے باوجود وزیراعلی خیبر پختونخوا کو ملاقات سے منع کرنا توہین عدالت ہے، حکم عدولی پر عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دے دیا۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ صوبے کے ایک چیف ایگزیکٹیو کو ڈپٹی سپرنڈنٹ جیل نے بتایا کہ آپ کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے کی اجازت نہیں ہے۔