امارات میں پاکستانی بزرگ کا بھارتی سے جھگڑا، 3 ماہ قید کی سزا
دبئی میں پارکنگ کے معاملے پر جھگڑے کے دوران ایک 70 سالہ پاکستانی بزرگ نے 35 سالہ بھارتی باشندے کو جزوی معذور کر ڈالا۔ پاکستانی کو 3 ماہ قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ سزا ختم ہونے پر اُسے ملک بدر بھی کردیا جائے گا۔
یہ کیس گزشتہ برس 8 فروری کا ہے۔ دبئی کے ٹیکام ایریا کی رہائشی عمارت میں پارکنگ کے معاملے پر ہاتھا پائی کے دوران بات بڑھ گئی اور پاکستانی بابا نے فریقِ ثانی کو ایسا دھکا دیا کہ وہ گرا اور اُس کی ٹانگ نصف کی حد تک ناکارہ ہوگئی۔
عدالتی دستاویزات کے مطابق جھگڑا اُس وقت شروع ہوا جب پاکستانی کو الاٹ کیے گئے پارکنگ اسپیس کو بھارتی باشندے نے استعمال کرنا چاہا۔ تو تو میں میں ہوئی اور پھر بات اِتنی بڑھی کہ پاکستان نے بھارتی باشندے کو زور سے دھکا دیا جس سے وہ دور جا گرا اور شدید چوٹیں آگئیں۔
میڈیکل رپورٹس میں بتایا گیا کہ بائیں ٹانگ میں فریکچر ہوگیا۔ اس سے اعصابی نظام کو بھی نقصان پہنچا، پٹھے پھٹ گئے اور متاثرہ شخص کی ٹانگ مستقل طور پر نصف کی حد تک ناکارہ ہوگئی۔
بھارتی باشندے نے اس کے جواب میں پاکستانی کے سر پر کوئی چیز دے ماری جس کے نتیجے میں وہ بھی شدید زخمی ہوا اور بیس دن تک بستر پر پڑا رہا۔ حکام نے موقع پر پہنچ کر دونوں کو تحویل میں لیا اور پوچھ گچھ کی۔
پاکستانی نے تسلیم کیا کہ اُس نے دھکا دیا تھا تاہم یہ بھی کہا کہ اُس نے گالی دیے جانے پر مشتعل ہوکر دھکا دیا تھا۔
Comments are closed on this story.