’جعلی خبریں‘ پھیلانے پر 80 ہزار موبائل سمز بلاک
کابینہ ڈویژن کے پارلیمانی سیکرٹری ساجد مہدی نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے جعلی خبریں پھیلانے پر 80 ہزار موبائل سمز بلاک کر دی ہیں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جعلی خبروں کے حوالے سے اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے سیکرٹری نے کہا کہ حکومت نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مختلف اقدامات شروع کیے ہیں۔
انہوں نے اس سلسلے میں مشترکہ ٹاسک فورس کے قیام پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹاسک فورس نے اپنی رپورٹ وزیر اعظم شہباز شریف کو پیش کر دی ہے۔
انہوں نے الیکٹرانک جرائم کی روک تھام کے قانون (پیکا) 2016 میں ترامیم کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ اس مسئلے سے بہتر طریقے سے نمٹا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی خبروں کے پھیلاؤ سے متعلق مقدمات کی سماعت کو تیز کرنے کے لیے ترامیم کی ضرورت ہے۔
انہوں نے جعلی خبروں کے چیلنج سے نمٹنے اور آن لائن سرگرمیوں کی بہتر نگرانی کے لیے اقدامات کے حصے کے طور پر ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورکس (VPNs) کو رجسٹر کرنے کے اقدام پر بھی روشنی ڈالی۔
سیکرٹری کو یقین تھا کہ ان اقدامات سے جعلی خبروں کے پھیلاؤ کو روکنے میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ شہریوں کو جعلی خبریں پھیلانے کے خطرات اور نتائج سے آگاہ کرنے کے لیے ایک آگاہی مہم بھی شروع کی گئی ہے۔