Aaj News

جمعرات, دسمبر 12, 2024  
10 Jumada Al-Akhirah 1446  

شام کی صورتحال کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی بیان سامنے آگیا

باغی تنظیم نے آج شام کے دارالحکومت دمشق کا کنٹرول سنبھالا
شائع 08 دسمبر 2024 03:52pm

شام میں ہونے والی حالیہ صورتحل اور صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کے بعد نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔

شامی باغی تنظیم حیات التحریر الشام کی جانب سے چند روز کے دوران ملک کے اہم شہروں پر قبضہ کرنے کے بعد آج دارالحکومت دمشق کا کنٹرول سنبھالا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو شام جنگ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، میں اقتدار سنھبالنے کے بعد امریکا کی شام جنگ میں شمولیت کو ختم کر دوں گا۔

ٹرمپ نے متعدد ٹوئٹس میں کہا ہے کہ امریکا کو شام میں ملوث نہیں ہونا چاہیے۔ شام ہمارا دوست نہیں، انہیں لڑنے دو، اس گندے کھیل میں ملوث نہ ہوں۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر جاری بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ بشار الاسد روس کی حمایت ختم ہونے کے بعد شام سے بھاگ گیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 بار روس کا نام لیتے ہوئے کہا کہ بشار الاسد کا حمایتی ولادیمیر پیوٹن بھی اب انہیں بچانے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔

بعد ازاں صدارتی الیکشن جیتنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلا دورہ فرانس کا کیا۔ یوکرین کے صدر زیلنسکی اور فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقات کی۔ یوکرین جنگ سمیت عالمی تنازعات پر بات چیت کی گئی تاہم بات چیت کے لیے کسی ایجنڈے کا اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب شامی باغیوں کے رہنما حیات تحریر الشام کے سربراہ ابومحمد الجولانی نے بیان میں کہا کہ شام میں سیاہ دور کا خاتمہ کرنے کے بعد نیا عہد شروع ہوگیا ہے، شام کی تمام سرکاری، غیر سرکاری املاک اور تنصیبات کا تحفظ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں سے تمام سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کردیا جائے گا۔

Donald Trump

America

Statement

Syrian rebels

Syria rebel offensive 2024