عمران خان کیخلاف اسلام آباد میں درج نئے مقدمات کی تعداد سامنے آگئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کے خلاف ڈی چوک احتجاج کے بعد اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج کرلیے گئے، جس کے بعد سابق وزیراعظم کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں درج مقدمات کی مجموعی تعداد 76 ہو گئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جانب سے بانی پی ٹی آئی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار کے وکلا شاہینہ شہاب اور مرزا عاصم بیگ عدالت پیش ہوئے۔
دوران سماعت اسلام آباد پولیس کی جانب سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف مقدمات کی نئی رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے ڈی چوک احتجاج کے بعد عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں مزید 14 مقدمات درج کر لیے گئے، اس سے قبل بانی پی ٹی آئی کے خلاف اسلام آباد میں 62 مقدمات درج تھے، نئے مقدمات کے بعد عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج مقدمات کی تعداد 76 ہو گئی ہے۔
ذوالفقار بھٹو کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف بھی قتل کا مقدمہ درج
9 مئی کے 8 مقدمات میں عمران خان کی ضمانتیں کن بنیادوں پر منسوخ ہوئی، تحریری فیصلہ جاری
سماعت کے دوران نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے مقدمات کی رپورٹس جمع کروا دی گئی، اسی طرح خیبرپختونخوا، سندھ اور بلوچستان کے مقدمات کی رپورٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی، جس میں بتایا گیا کہ عمران خان ککے خلاف بلوچستان میں 2 مقدمات میں سے ایک مقدمہ خارج ہوچکا ہے۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اسلام آباد کی کچھ ایف آئی آرز سیل ہیں جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ان کے پاس پولیس رولز کے اختیارات ہیں، جوڈیشل مجسٹریٹ کو درخواست دیں۔
بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف درج مقدمات کے حصول کے لیے ان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی درخواست نمٹا دی۔
واضح رہے کہ عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کی جانب سے مقدمات کی تفصیلات کے لیے درخواست دائر کی گئی تھی۔
Comments are closed on this story.