سابق ڈی جی نیب لاہور کیخلاف نیب انکوائری شروع ہونے کا انکشاف
سابق ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم کے خلاف مس کنڈکٹ پر قومی احتساب بیورو(نیب) میں انکوائری شروع ہونے کا انکشاف ہوا ہے، چیئرمین نیب نے انہیں چارج شیٹ جاری کر دی، جسے شہزاد سلیم نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا تاہم عدالت نے نیب کو ان کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔
سابق ڈی جی نیب شہزاد سلیم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی۔
شہزاد سلیم نے اپنے خلاف مس کنڈکٹ کی انکوائری کا بتایا اور اپنے خلاف کارروائی کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے اسے روکنے کی استدعا کی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب کو سابق ڈی جی شہزاد سلیم کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا اور حکم دیا کہ پٹیشن کے فیصلے تک نیب شہزاد سلیم کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کرے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جواب کے لیے نیب کو 16 دسمبر کے لیے نوٹس جاری کردیا، عدالت نے نیب سے انکوائری کی مکمل رپورٹ اور پیراوائز کمنٹس طلب کرلیے۔
درخواست گزار وکیل نے کہا کہ نیب اس کیس کی پہلے بھی انکوائری کرچکا ہے، نیب نے انکوائری ختم کردی تھی، سپریم کورٹ کے احکامات بھی موجود ہیں، دوبارہ انکوائری شروع کرکے جاری کی گئی چارج شیٹ قواعد و ضوابط کے خلاف ہے۔
بعدازاں عدالت نے مزید سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ شہزاد سلیم پاناما کیسز کے دوران ڈی جی نیب لاہور تعینات تھے، شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ شہباز کے خلاف نیب کیسز کے دوران بھی وہ ڈی جی نیب لاہور تعینات رہے۔