وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف توہین عدالت کی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اکمل خان نے ایڈووکیٹ خرم لطیف کے توسط سے عدالتی حکم کے باوجود حراساں کرنے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی۔
درخواست میں وزیراعلی پنجاب مریم نواز، آئی جی پنجاب پولیس، سی سی پی او لاہور سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 22 نومبر کو درخواست گزار کو غیر قانونی طور پر حراساں کرنے سے روکنے کا حکم دیا تھا، اسی روز سیشن کورٹ کے باہر سے پولیس تھانہ اسلام پورہ نے غیر قانونی طور پر اغوا کر لیا، پولیس نے یکے بعد دیگرے تین مقدمات میں گرفتار کیا، انسداد دہشت گری عدالت نے تینوں مقدمات میں ڈسچارج کر دیا، فریقین جان بوجھ کر 22 نومبر کے لاہور ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ فریقین کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔