Aaj News

پیر, دسمبر 02, 2024  
29 Jumada Al-Awwal 1446  

رہنما پی ٹی آئی کا چیف جسٹس کو خط، ڈی چوک واقعہ کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنانے کی اپیل

اپنی 74 سالہ زندگی میں آج تک کبھی خود کو اتنا بے یارومدد گار نہیں پایا، مراسلہ
شائع 02 دسمبر 2024 03:58pm

تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے جیل سے چیف جسٹس آف پاکستان کو خط لکھ دیا۔ یاسمین راشد نے 26 نومبر کو ڈی چوک واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کی اپیل کردی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو لکھے گئے خط میں ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ 26 نومبر کو پاکستان میں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں سیکیورٹی فورسز نے بنیادی حقوق روند ڈالے، اسلام آباد میں پاکستان کے مستقبل کی نسل کا قتل عام کیا گیا، کئی ماوں کے بچے، کئی بہنوں کے بھائی ان سے چھن گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بطور ماں اس سانحے پر دل ٹوٹ چکا ہے، اپنی 74 سالہ زندگی میں آج تک کبھی خود کو اتنا بے یارومدد گار نہیں پایا، پاکستان ہیومن رائٹس کے حوالے سے بدترین دور سے گزر رہا ہے۔

یاسمین راشد نے کہا کہ ہم بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے آپکی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ 26 نومبر کو ڈی چوک پر جو ہوا اسکی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اگر حقائق سامنے نہ لائے گئے تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

پاکستان

hospital

Yasmeen Rashid

24th November PTI March