Aaj News

منگل, مئ 06, 2025  
08 Dhul-Qadah 1446  

مراد سعید کی وزیراعلی ہاؤس میں موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، بیرسٹرسیف

اگر ان لوگوں کو مراد سعید نظر آیا تھا تو اسے پکڑ لیتے، صوبائی مشیر اطلاعات
اپ ڈیٹ 01 دسمبر 2024 10:16pm

وفاقی حکومت کے مراد سعید کی وزیراعلی ہاؤس کے پی میں موجودگی کے دعویٰ پر بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ مراد سعید کی وزیراعلی ہاؤس میں موجودگی کا دعویٰ مضحکہ خیز ہے، شرمندگی اٹھانا چاہتے ہیں تو وزیراعلی ہاؤس آجائیں۔

بیرسٹرسیف نے وفاقی وزیر عطا اللہ تارڑ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں خود نہیں معلوم مراد سعید کہاں ہے، اگر پتہ ہوتا تو ان کے لیے ضرورکچھ کرتے۔

صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا ہے کہ اگر ان لوگوں کو مراد سعید نظر آیا تھا تو اسے پکڑ لیتے، انہیں مراد سعید کو پکڑنے سے کس نے روکا تھا؟

مراد سعید خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں روپوش ہے، عطاء تارڑ

انہوں نے کہا کہ مراد سعید اسلام آباد جاکر کیسے بھاگ گیا ؟ وہ وہاں نہیں تھا، معلوم ہوتا تو عطا تارڑ سے پوچھ کر میں بھی مراد سعید سے مل لیتا۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں انہیں کہا تھا حکومت نے ہمیں سنگجانی میں احتجاج کی آفر کی ہے، ڈی چوک جانا مناسب نہیں ، بانی پی ٹی آئی نے اجازت دی کہ سنجگانی میں دھرنا دے دیں۔

صوبائی مشیر اطلاعات کے پی نے کہا کہ بعد میں اسلام آباد میں جو کچھ بھی ہوا وہ ایسا فیصلہ تھا جو ان حالات میں پارٹی نے کیا تھا۔

بیرسٹر سیف نے قاسم سوری کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے غلط بات کی ہے، بانی پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل سے کہیں نہیں لے جایا گیا۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے وزیر مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ مراد سعید کے حوالے سے وفاقی حکومت کا دعویٰ من گھڑت ہے، مراد سعید احتجاج شریک تھا تو انہوں نے اسے گرفتار کیوں نہیں کیا ؟

صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت لوگوں کی 26 نومبر کے واقعہ سے توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش کررہی ہے ، اگر وفاق اس بہانے سی ایم ہائوس پر کارروائی کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کی بھول ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو پتہ تھا کہ بشریٰ بی بی کس گاڑی میں تھی؟ حکومت کو پتہ تھا دیگر گاڑیوں میں کون بیٹھے ہیں؟ وفاقی حکومت نے احتجاج میں اپنے لوگ شامل کیے تھے۔

مینا خان آفریدی نے کہا کہ ہم فضول بیانات پر وقت ضائع نہیں کرینگے، وفاق سے سوال کرینگے احتجاج پر فائرنگ کیوں کی گئی؟

عطا تارڑ کی پریس کانفرنس پر تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ظلم اور جبر کی رات کتنی ہی طویل ہو، اسے بہرحال ختم ہونا ہے اور عدل و انصاف کے سویرے کو طلوع ہو کر رہنا ہے، لاقانونیت کو کندھا فراہم کرنے والے ضرور قانون اور عوام کو جوابدہ ہوں گے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ ریاست کی رٹ آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی سے قائم ہوتی ہے، دستور ہر شہری کو پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، کسی عدالت کو شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے کا کوئی اختیار میسر نہیں، عدالتیں شہریوں کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی پابند ہیں۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عطاء تارڑ بتائے پولی کلینک اور پمز میں کتنی لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، پولی کلینک اور پمز اسپتال میں زخمیوں اور شہید شہریوں کی لاشوں کے ساتھ کیا گیا، یہ قومی یکجہتی کو اپنے مذموم ایجنڈے کی بھینٹ چڑھانے کی راہ پر گامزن ہیں۔

pti leader

KPK Assembly

PTI protest

KPK Government

Pakistan Tehreek Insaf (PTI)