اسلام آباد احتجاج پر توہینِ عدالت کیس: پی ٹی آئی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری
اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کی خلاف ورزی میں پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد احتجاج پر توہینِ عدالت کیس میں عدالت نے درخواست پر پی ٹی آئی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی احتجاج کے خلاف جناح سپر مارکیٹ ایف سیون کے تاجروں کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت نے درخواست پر پی ٹی آئی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
تاجروں نے پی ٹی آئی کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی ہے، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ عدالتی حکم کی خلاف ورزی میں پی ٹی آئی نے احتجاج کیا۔
اسلام آباد ایف سیون کے تاجروں کی تنظیم کے صدر نے توہینِ عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ کے واضح حکم کے باوجود ہزاروں مظاہرین اسلام آباد میں داخل ہوئے اور نظام مفلوج کر کے رکھ دیا، خیبرپختونخوا سے آئے مظاہرین بزورِ طاقت بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا مطالبہ لے کر آئے تھے، حکومت اور انتظامیہ اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالتی حکم پر عدم عملدرآمد پر تمام فریقین کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔
Comments are closed on this story.