اسلام آباد میں معمولات زندگی بحال، موٹرویز کھل گئیں، انٹر نیٹ اور میٹرو بس سروس بحال
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شرپسندوں کے خلاف اسلام آباد میں گرینڈ آپریشن کے بعد شہر کی مختلف شاہراہوں سے کنٹینرز ہٹانے اور صفائی کا کام شروع کر دیا گیا، جس کے بعد موٹرویز کو تمام قسم کی ٹریفک کی آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا جبکہ احتجاج کے باعث گزشتہ 3 روز سے معطل ہونے والی انٹر نیٹ سروس بھی بحال ہوگئی۔
گرینڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد معمولات زندگی بحال
وفاقی دارالحکومت میں پی ٹی آئی مظاہرین کے خلاف کے خلاف گرینڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد معمولات زندگی بحال ہونے لگی، آج سے کاروباری اور کل سے تعلیمی سرگرمیاں بحال ہو جائیں گی۔
جگہ جگہ مظاہرین کے چھوڑے کپڑے، جوتے پڑے ہیں اور متعدد گاڑیاں بھی لاوارث کھڑی ہیں جبکہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی احتجاج کے باعث بند کی جانے والی سڑکیں آمدورفت کے لیے کھول دی ہیں۔
ریڈ زون اور دیگر اہم مقامات پر لگائے گئے کنٹینرز بھی ہٹائے جانے کا کام جاری ہے جبکہ ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت پر شہر بھر میں شاہراہوں کی صفائی کا کام بھی جاری ہے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے شاہراہوں سے رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو علاقے میں موجود کنٹینرز ہٹانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
عرفان میمن کا کہنا تھا کہ تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے راستے فی الفورکھولے جا رہے ہیں، کوشش ہے کہ صبح ہونے سے قبل شہریوں کے لیے راستے کھول دیے جائیں گے۔
ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شہر کی تمام شاہراہوں پر صفائی ستھرائی کے انتظامات بھی صبح تک مکمل ہونے کو یقینی بنائے جائیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سٹرکوں کی فوری صفائی کا حکم
اس سے قبل وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈی چوک سے خیبر پلازہ تک دورہ کیا، جہاں ڈی چوک میں ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملاقات کی۔
وزیرداخلہ نے جوانوں کی جواں مردی کی تعریف کی اور ڈی چوک سمیت اسلام آباد کو کلئیر کرانے پر قانون نافز کرنے والے اداروں کو خراج تحسین کیا جبکہ محسن نقوی نے شرپسندوں سے کلیئر کرائے گئے علاقوں کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے سٹرکوں کی فوری صفائی کا حکم دیتے ہوئے سی ڈی اے کو صفائی کے لیے ہدایات دیں۔
وزیرداخلہ نے شرپسندوں کے حملوں سے عمارتوں اور تنصیبات کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لیا اور سٹرکوں سے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایت بھی کیں۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالٰی کا شکر بجا لاتے ہیں کہ شرانگیزی کی سازش بری طرح ناکام ہوئی، رینجرز کے افسروں اور جوانوں نے بہادری کے ساتھ مظاہرین کو پسپا کیا، پاک فوج، ایف سی، اسلام آباد، پنجاب اور سندھ پولیس کو جرات مندانہ کردارپر مبارک باد دیتا ہوں، پرامن پاکستان اور پاکستانیوں کی جیت ہوئی ہے۔
مری روڈ سے کینٹینرز ہٹانے کا سلسلہ جاری
ادھر پی ٹی آئی احتجاج کے باعث 3 دن سے بند مری روڈ سے کینٹینرز ہٹائے جارہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے احتجاج پر 23 نومبر کی شب مری روڈ کو مکمل سیل کر دیا گیا تھا۔
مری روڈ فیض آباد، شمس آباد اور اسٹیڈیم روڈ کے کاروبار 3 دن سے بند ہیں، مری روڈ سے کینٹینرز ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
گزشتہ 3 روز سے معطل انٹرنیٹ سروس بحال
پی ٹی آئی کے اسلام آباد میں احتجاج کے باعث گزشتہ 3 روز سے معطل ہونے والی انٹر نیٹ سروس بھی بحال کردی گئی ہے۔
جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس بحال
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی میں میں پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث بند رہنے والی میٹرو بس سروس بحال کردی گئی۔
میٹروبس سروس صدر اسٹیشن تا پاک سیکریٹریٹ تک مکمل بحال ہوگئی۔ یاد رہے کہ احتجاج کے باعث میٹروبس سروس 4 روزتک ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر بند کی گئی تھی۔
لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے کھول دیے گئے
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کا احتجاج منسوخ ہونے کے بعد لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے کھول دیے گئے جبکہ موٹرویز کو بھی تمام قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
اسلام آباد اور لاہور کے روڈ بھی ٹریفک کے لیے بحال کر دیے گئے ہیں، جہاں کنٹینرز موجود ہیں انہیں ہٹانے کا عمل جاری ہے۔
پی ٹی آئی کا احتجاج ختم ہوا تو لاہور میں ٹریفک کا پہیہ چل پڑا، شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
راوی پل، پرانا راوی پل ، سگیاں پل سے ٹریفک شہر میں داخل اور باہر جارہی ہے، ٹھوکر نیاز بیگ سے ملتان روڈ پر ٹریفک رواں دواں ہے، اس کے علاوہ رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روڈ، گجومتہ بھی ٹریفک کے لیے کھلے ہیں جبکہ لاہور رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
اس کے علاوہ 4 روز سے بند موٹرویز بھی کھل گئیں، موٹروے ایم 2 کو لاہور تا اسلام آباد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا جبکہ موٹروے ایم 11 کو لاہور تا سیالکوٹ ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کا اسلام آباد میں احتجاج منسوخ کرنے کا اعلان
ترجمان کے مطابق موٹروے ایم 4 کو پنڈی بھٹیاں تا عبدالحکیم، موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان، موٹروے ایم 3 کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد سے پشاور موٹروے ایم ون اور موٹروے ایم 5 ہر طرح کی ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ بس اڈے اور جی ٹی روڈ پر بھی معمول کے مطابق آمدورفت کا سلسلہ جاری ہے۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں، لاہور اسلام آباد، لاہور سیالکوٹ موٹروے، ایسٹرن بائی پاس بھی کھول دیا گیا ہے۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور رنگ روڈ ٹریفک کے لیے کھلی ہے اور شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے، دوسری جانب اسلام آباد میں ٹریفک بحال ہو گئی ہے۔
اسلام آباد میں جہاں جہاں کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے گئے تھے، ان رکاوٹوں کو ہٹا کر تمام سڑکیں ٹریفک کے لئے بحال کر دی گئی ہے، اسلام آباد کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معمول پر آ گئی ہے۔
اس کے علاوہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے کل بروز جمعرات سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز کا پنجاب بھر میں راستے کھولنے کا حکم
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں راستے کھولنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ عوام کو پہنچنے والی تکالیف اور پریشانی پر بے حد افسوس ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے فتنہ اور انتشار پسندوں کا ساتھ نہ دینے پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔
مریم نواز نے اشیائے خورد و نوش کی فراہمی برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کر دی اور انتظامیہ کو اشیائے ضروریہ کے نرخ پر کنٹرول کا حکم دے دیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انتشار پسندوں کی وجہ سے ہونے والی رکاوٹوں پر عوام کی تکالیف کا احساس ہے، عوام کو پہنچنے والی تکالیف اور پریشانی پر بے حد افسوس ہے۔
Comments are closed on this story.