Aaj News

بدھ, جنوری 15, 2025  
15 Rajab 1446  

جڑواں شہروں میں راستے بند؛ عدالتی کارروائیاں متاثر، توشہ خانہ کیس سمیت متعدد ملتوی

سرکاری و نجی دفاتر میں ملازمین کی حاضری آج بھی کم ہے
شائع 26 نومبر 2024 01:06pm

اسلام آباد میں موجود پی ٹی آئی کا قافلہ زیرو پوائنٹ پر پہنچ گیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اب تک کے تمام اقدامات ناکام ہوچکے ہیں جس سے قافلے کو روکا جاسکے۔ ادھر انتظامیہ نے جڑواں شہروں کے داخلی اور خارجی راستے سیل کردیے ہیں جس کے باعث آج بھی عدالتی کارروائی متاثر ہوئی اور متعدد اہم کیس پر سماعت نہ ہوسکی۔

سرکاری و نجی دفاتر میں ملازمین کی حاضری آج بھی کم ہے جبکہ شہر بھر کی تجارتی و کاروباری سرگرمیاں مکمل مفلوج ہو چکی ہیں۔ ادھر سیکریٹری ہائیکورٹ بار نے اعلامیہ میں عدالت سے گزارش کی کہ وکلا اور سائلین اگر عدالت میں پیش نہ ہو سکیں تو معزز عدلیہ ایڈورس آرڈر جاری نہ کرے۔

عمران خان کا خواجہ آصف کیخلاف ہرجانہ کیس ملتوی

اسلام آباد میں راستوں کی بندش کے باعث چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق آج بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

ان کی عدم موجودگی کے باعث کورٹ روم نمبر ون کی کاز لسٹ کینسل کر دی گئی ہے۔ چیف جسٹس نے بانی پی ٹی آئی کا خواجہ آصف کے خلاف 10 ارب ہرجانہ کیس کی سماعت کرنی تھی۔

قیدیوں کی سیاسی بات چیت کے کیس کی سماعت ملتوی

ایک اور کیس بھی احتجاج کی نذر ہوگیا۔ قیدیوں کی سیاسی بات چیت پر پابندی کی شق کو کالعدم قرار دینے کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف چیف کمشنر اور پنجاب حکومت کی اپیل پر بھی سماعت آج نہیں ہو سکے گی۔

توشہ خانہ 2 کیس ملتوی

اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت بھی ملتوی کردی گئی۔ اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے راستوں کی بندش اور جڑواں شہروں میں موجودہ صورت حال کے یش نظر سماعت 29 نومبر تک ملتوی کر دی۔ مقدمے میں ملزمان پر آج فرد جرم عائد ہونے کا امکان تھا۔

اڈیالہ جیل سے کوئی ملزم پیش نہیں کیا جا سکا

اسلام آباد میں پی ٹی آئی احتجاج کی وجہ سے راستے سیل ہونے کے باعث اڈیالہ جیل سے کوئی بھی ملزم عدالتوں میں پیش نہیں کیا جاسکا ۔ جڑواں شہروں کی سیشن، سول، فیملی اور خصوصی عدالتوں میں تمام کیسز کی سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔

پاکستان

PTI protest

24th November PTI March