عمران خان کی بیرسٹر گوہر سے گفتگو: مذاکرات کی کال واپس لینے پر موقف واضح
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین بیرسٹر گوہر علی خان اور وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کی اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی ائی عمران خان سے ملاقات ختم ہوچکی ہے، دونوں رہنماؤں کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ڈیڑھ گھنٹہ تک جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے عمران خان کو اسلام آباد احتجاج کے معاملے پر اعتماد میں لیا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے، ان کے ساتھ مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان بھی اس موقع پر اڈیالہ جیل پہنچے۔
پی ٹی آئی رہنما علی محمد خان کو آج ملاقات کی اجازت نہ مِل سکی، ملاقات کے بعد تینوں رہنما اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہوگئے۔
سابق وزیراعظم عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے مذاکرات سے متعلق صحافی کے سوال کا جواب دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ میری بانی پی ٹی آئی سے اہم ملاقات ہوئی ہے، عمران خان کے احتجاج کی کال فائنل ہے، احتجاجی کال واپس لینے کی بات ہی نہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ مذاکرات جو چل رہے ہیں، اس کا کچھ بتا دیں، جس پر بیرسٹر گوہر نے جواب دیا کہ جی اس پر آپ کو ان شا اللہ بتائیں گے وہ چل رہے ہیں۔
Comments are closed on this story.