موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد اسکولز بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرے، لاہور ہائیکورٹ
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدارک کے لیے دائر درخواستوں کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا جبکہ عدالت نے اپنے حکم نامے میں کہا کہ موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد اسکولز بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرے، جو اسکول عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اس کو سیل کردیا جائے گا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق سمیت دیگر کی درخواستوں پر تین صفحات پر مشتمل تحریری حکم جاری کیا۔
عدالت نے پنجاب حکومت کو موسم سرما کی چھٹیوں کے بعد اسکول بچوں کو ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے تحریری حکم میں لکھا کہ محکمہ سکول ڈیپاٹمنٹ سکولز کو فائنل نوٹس جاری کرے، جو اسکول عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرے گا اس کو سیل کردیا جائے گا۔
اسموگ تدارک کیس: عدالت کی پنجاب حکومت کو لانگ ٹرم پالیسی بنانے کی ہدایت
تحریری حکم کہا گیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے بتایا کہ پنجاب حکومت آلودگی اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے، فصلوں کی باقیات جلانے والوں کے خلاف فوری کاروائیاں کرکے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کے لیے افسران کی ڈیوٹیاں لگائی ہے۔
عدالتی حکم نامے کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ نے احکامات نا ماننے پر پٹواری جڑانوالہ کو معطل کردیا، محکمہ ٹرانسپورٹ نے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف پنجاب بھر میں کاروائیاں شروع کردی ہیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے اسموگ کے تدراک سے متعلق پنجاب حکومت کے اقدامات کی تعریف کی۔
شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر کرنے کی ہدایت
لاہور ہائیکورٹ نے پی این آئی ایل لسٹ کے تحت شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے خلاف درخواست 28 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے پی این آئی ایل لسٹ کے تحت شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے خلاف شہری منیر احمد کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ پی این آئی ایل لسٹ کا قانونی وجود نہیں ہے، بیرون ملک سفر سے روکنے کے لیے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور ای سی ایل لسٹ میں نام ڈالے جاسکتے ہیں۔
وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ پی این آئی ایل لسٹ اسمگلرز کے لیے بنائی گئی تھی، حکومت کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر اس لسٹ کا استعمال کیا جارہا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پی این ایل آئی لسٹ میں شہریوں کے نام ڈالنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے۔
لاہور ہائیکورٹ نے پی این آئی ایل لسٹ کے تحت شہریوں کو بیرون ملک سفر سے روکنے کے خلاف درخواست پر 28 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
اوورسیز پاکستانیوں کو بلدیاتی الیکشن میں ووٹ کے حق کے حصول کیلئے درخواست پر نوٹس جاری
لاہور ہائیکورٹ نے اوورسیز پاکستانیوں کو بلدیاتی الیکشن میں ووٹ کے حق کے حصول کے لیے دائر درخواست پر وفاقی حکومت، الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے انٹرنیشنل لائرز ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی جبکہ درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ لوکل گورنمنٹ الیکشن نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہیں دیا، جو آئین اور قانون کے خلاف ہے۔
وکیل نے نکتہ اٹھایا کہ اوورسیز پاکستانی اربوں روپے پاکستان بھیجتے ہیں، ان کو ووٹ کا حق نہ دینا امتیازی سلوک کے مترداف ہے۔
عدالت نے قرار دیا کہ یہاں تو پاکستانیوں کو حقوق نہیں مل رہے، آپ بیرون ملک پاکستانیوں کے حقوق کے لیے آ گئے ہیں۔
بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
Comments are closed on this story.