راولپنڈی: سی ٹی ڈی سے فائرنگ کا تبادلہ، فتنہ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک
راولپنڈی بڑی تباہی سے بچ گیا، جہاں چکری کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج کے 3 خطرناک دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 فرار ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پرفائرنگ کردی، فائرنگ کے تبادلے میں تینوں دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے جبکہ 2 دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ، سیفٹی فیوز وائر، رائفلیں، آئی ای ڈی بم، گولیاں، بارودی مواد برآمد کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کا کہنا تھا کہ سی ٹی ڈی ٹیموں نے چکری کے قریب ناکہ بندی کرلی ہے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، دہشت گرد راولپنڈی پر بڑے حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔
خیال رہے کہ نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں فتنہ الخوارج کی ممکنہ دہشت گردانہ کارروائیوں کا تھریٹ الرٹ جاری کیا تھا۔
نیکٹا کا کہنا تھا کہ فتنہ الخوارج پی ٹی آئی کے 24 نومبر کے احتجاج میں دہشت گردی کر سکتی ہے، نیکٹا کے مطابق فتنہ الخوارج کے دہشتگرد بڑے شہروں میں دہشت گردی کر سکتے ہیں۔
Comments are closed on this story.