نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل کیلئے نئے نام کا اعلان کردیا
نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا کی سابق اٹارنی جنرل پیم بانڈی کو اٹارنی جنرل نامزد کردیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل کے لیے نئے نام کا اعلان کیا ہے، امریکی محکمہ انصاف کی نئی سربراہ کے طور پر ٹرمپ نے پیم بونڈی کو نامزد کیا ہے۔
پیم بانڈی 2011 سے 2019 تک فلوریڈا کی پہلی خاتون اٹارنی جنرل رہیں، وہ سینیٹ میں ٹرمپ کے پہلے مواخذے کے دوران ان کی دفاعی وکیل بھی تھیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے پیم بانڈی کا انتخاب کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ پیم نے پرتشدد مجرموں کے خلاف سخت فیصلے کیے اور فلوریڈا کی عوام کے لیے سڑکوں کو محفوظ بنایا۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ محکمہ انصاف کو میرے اور دیگر ریپبلکنز کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا، اب ایسا نہیں ہوگا، پیم بانڈی جرائم سے لڑنے اور امریکا کو محفوظ بنانے کے مقصد پر توجہ مرکوز رکھیں گی۔
یاد رہے کہ جمعرات کو میٹ گیٹز نے بطور اٹارنی جنرل اپنا نام واپس لے لیا تھا، ان پر 17 سالہ لڑکی کے ساتھ جنسی تعلق اور غیرقانونی منشیات کے استعمال کا الزام ہے۔
میٹ گیٹز کی نامزدگی پر ری پبلکن سینیٹرز نے شکوک و شبہات کا اظہار کیا تھا، جس کے بعد انہوں نے اپنا نام بطور اٹارنی جنرل واپس لے لیا تھا۔
Comments are closed on this story.