Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر انتقال کرگئے

سابق ٹیسٹ کرکٹر کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی
شائع 21 نومبر 2024 01:38pm

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹر اور امپار نذیرجونیئر لاہور میں انتقال کرگئے۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر کے اہلخانہ نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کہ وہ چند روز سے شدید علیل تھے اورگزشتہ روز طبیعت زیادہ خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا۔

اہل خانہ کے مطابق نذیر جونیئر 5 برس قبل ٹریفک حادثے میں زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد ان کی طبیعت خراب رہنے لگی تھی اور مختلف پیچیدگیوں کی وجہ سے نارمل زندگی گزارنے سے قاصر تھے۔

واضح رہے کہ سابق کرکٹر نذیر جونیئر کی طبعیت خراب ہونے پر ان کے بیٹے نعمان نذیر نے کچھ روز قبل پی سی بی اور اعلیٰ حکام سے علاج کے لیے اپیل بھی کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کے سینے میں انفیکشن اور پیٹ میں پانی جمع ہوگیا ہے، وہ خود بھی ان کے علاج کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔ تاہم حکومت اس سلسلے میں تعاون کرے۔

یاد رہے کہ سابق ٹیسٹ کرکٹر نذیر جونیئر نے پاکستان کے لیے 14 ٹیسٹ اور 4 ون ڈے میچز کھیل رکھے ہیں جبکہ انہوں نے مجموعی طور پر 37 وکٹیں حاصل کی تھیں، وہ پاکستان کی جانب سے ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سب سے زیادہ 7 وکٹیں لینے والے پہلے اسپنر بھی ہیں۔

نذیر جونیئر نے 15 ون ڈے اور 5 ٹیسٹ میچز میں امپائرنگ کے فرائض بھی انجام دے رکھے ہیں۔

PCB

lahore

Nazir junior

pakistan former test cricketer