Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ، 12 جوان شہید، 6 خوارج ہلاک

فتنة الخوراج کیخلاف لڑتے ہوئے شہید ہونیوالے سپاہیوں کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی، آئی ایس پی آر
اپ ڈیٹ 20 نومبر 2024 06:48pm

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے مالی خیل میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج کے 12 جوان شہید ہوئے، سیکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ میں 6 خوارج ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے جوانوں نے خوارج کی چیک پوسٹ میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنادی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج نے داخل ہونے کی کوشش میں بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی دیوار سے ٹکرا دی، خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ارد گرد کا انفرا اسٹرکچر بھی متاثر ہوگیا، شہدا میں 10 پاک فوج کے جوان اور فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کے 2 اہلکار شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 خوارج بھی مارے گئے۔

شہید ہونے والوں میں گوجرانوالہ کے صوبیدار عمران احمد فاروقی، سرگودھا کے حوالدار محمد جاوید، ایبٹ آباد کے نائیک طہماس احمد، ہری پورکے نائیک باسط فرید شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی، وزیراعظم

وزیراعظم شہبازشریف نے بنوں میں سیکیورٹی فورسز اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کے جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسزنے 6 خوارج کوجہنم واصل کیا، سیکیورٹی فورسزنے اس عمل میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، قوم کے بیٹوں کی قربانیاں ہرگزرائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان ومال کوخطرے میں ڈالنے والےفتنہ الخوارج کوبہت سخت قیمت ادا کرنی پڑے گی، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک دہشت گردوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

قوم مادر وطن پر قربان ہونے والوں کو سلام پیش کرتی ہے، صدر مملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں میں خوارجی دہشت گردوں کے حملے میں 12 جوانوں کی شہادت پر اِظہار افسوس کیا ہے۔ انہوں نے دفاع وطن میں جان کا نذرانہ پیش کرنے پر پاک فوج کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ پوری قوم مادر وطن کی سلامتی کے لیے جامِ شہادت نوش کرنے والوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ صدر مملکت نے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے واقعے میں شہادت پانے والے جوانوں کے لیے بلندی درجات کی دعا ۔ صدر مملکت نے شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار افسوس اور ان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

وطن کیلئے جان نچھاور کرنیوالے قوم کے ہیرو ہیں، وزیرداخلہ

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بنوں کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر خوارجی دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے جام شہادت نوش کرنے والے 12 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کی قربانی دے کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا ۔ وطن کے امن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے پاک فوج کے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی۔ قوم شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ شہدا کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔

بنوں میں فتنة الخوراج کے حملے کیخلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سپاہیوں کی نماز جنازہ بنوں کینٹ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں کورکمانڈر پشاور سمیت عسکری و سول حکام نے شرکت کی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید صوبیدار عمران احمد فاروقی ، حوالدار محمد جاوید اقبال، نائیک طہماس احمد، نائیک باسط فرید، سپاہی صفدر علی، سپاہی اسد بشیر،سپاہی اعجاز حسین ، سپاہی عاطف خان ، سپاہی امان اللہ، سپاہی شاہ زمان، سپاہی حسیب اللہ اور عثمان اللہ شہید کی نماز جنازہ بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی ہے۔

فتنة الخوراج کے حملے کے شہدا کی نماز جنازہ میں کمانڈر پشاور کور سمیت اعلی عسکری حکام ، سول انتظامیہ اورفوجی جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دفاع وطن میں ہمارے شہدا کی عظیم قربانیاں ہمارے جذبے اورعزم کو تقویت دیتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے پرعزم ہیں ۔

ISPR

security forces

خیبر پختونخوا

Bannu

security forces operation

check post attack

Terrorists killed

terrorist attack on check post