Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

اسموگ میں کمی: لاہور اور ملتان میں تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے

تمام طلبا و عملہ ماسک پہننے کے پابند ہوں گے تاہم غیر نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی
اپ ڈیٹ 20 نومبر 2024 08:38am

بچوں کی موج مستی ختم ہوگئی، لاہور اور ملتان میں اسموگ کی شدت میں کمی کے بعد محکمہ تحفظ ماحولیات نے دونوں ڈویژن میں تعلیمی ادارے آج سے کھول دیے ہیں، تمام اسکول 8 بجکر 45 منٹ پر کھلیں گے۔

پنجاب میں اسموگ کی شدت میں کمی آگئی، لاہور سمیت صوبے بھر میں موسمی تبدیلی کے باعث ایئر کوالٹی انڈیکس کم ہو گیا، صبح سویرے ملتان میں ایئرکوالٹی انڈیکس 329 اور لاہور میں 288 ریکارڈ کیا گیا۔

اسموگ کی صورت حال بہتر ہونے پر لاہور اور ملتان میں تعلیمی ادارے آج سے کھل گئے، تعلیمی ادارے صبح 8 بج کر 45 منٹ پر کھلیں گے جبکہ تمام طلبا و عملہ ماسک پہننے کے پابند ہوں گے تاہم غیر نصابی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

اس کے علاوہ ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں بھی نرمی کردی گئی جبکہ فوڈ آؤٹ لیٹس اب رات 10 بجے تک کھلے رہیں گے۔

24 گھنٹے میں پنجاب میں اسموگ سے متاثرہ 60 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔

اسموگ میں کمی کے بعد فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژنز میں اسکول کھل گئے

مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ اسموگ میں کمی کے باوجود اینٹی سموگ آپریشن جاری ہے، درجنوں بھٹے اور صنعتی یونٹس مسمار جبکہ دھواں پھیلانے والی فیکٹریاں اور کارخانے سیل کیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ 18 نومبر کو حکومت پنجاب نے فضائی آلودگی کم ہونے پر لاہور اور ملتان کے علاوہ صوبے بھر میں اسکول (آج) منگل سے کھولنے کا حکم دے دیا تھا۔

جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ بالائی حصوں میں بارشوں کے نتیجے میں پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں فضائی صورتحال بہتر ہوئی ہے، لہٰذا لاہور اور ملتان کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے 19 نومبر (منگل) سے دوبارہ کھل جائیں گے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا تھا کہ غیر نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ آؤٹ ڈور کھیلوں پر ’مکمل پابندی‘ ہوگی، اس کے علاوہ ٹریفک کے ہجوم سے بچنے کے لیے کلاسز کے حساب سے اسکول بند کرنے کے اوقات متعارف کرانا ہوں گے۔

اسموگ کو آفت زدہ قرار دیتے ہوئے 18 اضلاع میں 7 سے 17 نومبر تک سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کیا تھا جبکہ اسکول 24 نومبر تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

لاہور اور ملتان ڈویژن کے سوا پنجاب کے تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کھولنے کا فیصلہ

تاہم اتوار کو لاہور کے ایئر کوالٹی انڈیکس میں معمولی بہتری ہوئی اور 12 دنوں میں پہلی بار انڈیکس 300 کی سطح سے نیچے آیا تھا۔

lahore

Multan

air quality index

smog

Lahore smog

air quality index lahore

schools close smog

smog and fog

SMOG IN PUNJAB

multan smog