Aaj News

جمعہ, نومبر 15, 2024  
12 Jumada Al-Awwal 1446  

پنجاب حکومت نے مزید 6 جامعات میں وائس چانسلرز تعینات کردیے

سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیے
شائع 15 نومبر 2024 07:38am

پنجاب حکومت نے مزید 6 جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کا تقرر کر دیا، سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ نے نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔

گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے مزید 6 جامعات میں وائس چانسلرز تعینات کر دیے ہیں۔

نوٹیفکشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر سعید احمد کو وائس چانسلر تھل یونیورسٹی بھکر اور پروفیسر ڈاکٹر اشفاق احمد کو غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان کا وائس چانسلر مقرر کیا گیا ہے، پروفیسر ڈاکٹر یاسر نواب کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف کمالیہ، پروفیسر ڈاکٹر فہیم آفتاب کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف جھنگ مقرر کیا گیا۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر سجاد مبین کو یونیورسٹی آف اوکاڑہ اور پروفیسر ڈاکٹر محمد زبیر ابوبکر کو وائس چانسلر یونیورسٹی آف لیہ تعینات کیا گیا جبکہ تمام وائس چانسلرز کو 4 سال کی مدت کے لیے تعینات کیا گیا ہے۔

سندھ کی جامعات کے وائس چانسلرز نے وزیراعظم سے 16ارب روپے مانگ لیے

واضح رہے کہ رواں برس مئی میں سرکاری یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی تعیناتیوں سے متعلق کیس میں ہائر ایجوکیشن کی طرف سے ملک بھر کی یونیورسٹیوں سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی تھی۔

رپورٹ میں اس وقت کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کو بتایا گیا کہ پاکستان میں کل 154 سرکاری یونیورسٹیوں میں سے 66 میں وائس چانسلر کیلئے اضافی چارج دیا گیا ہے یا عہدے خالی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بلوچستان میں 10 میں سے 5 یونیورسٹیوں میں ایکٹنگ وی سی، خیبر پختونخوا کی 32 میں سے 16 پر اضافی چارج، 6 خالی، پنجاب کی 49 یونیورسٹیوں میں سے 29 پر قائم مقام اور سندھ میں 29 میں سے 5 یونیورسٹیوں میں اضافی چارج پر وائس چانسلرز تعینات ہیں جبکہ دارالحکومت کی 29 یونیورسٹیوں میں سے 5 یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر کی اسامیاں خالی ہیں۔

بعد ازاں ستمبر میں حکومت پنجاب کی جانب سے یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کی تقرریوں کے معاملے پر گورنر پنجاب اور وزیراعلیٰ مریم نواز کے درمیان اختلافات کی خبریں بھی سامنے آئی تھیں۔

گورنر پنجاب سلیم حیدر نے وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز کی بھیجی گئی سمری پر اختلاف اور وائس چانسلرز کی سلیکشن پر اطمینان کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے واضح طور پر کوئی نام تجویز نہیں کیا جاسکتا۔

گورنر کے بیان پر وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے سلیکشن کمیٹی کی منظوری کابینہ نے دی،گورنر وفاقی وزیر رہ چکے ہیں، انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ کابینہ کے فیصلوں کی اہمیت کیا ہوتی ہے۔

lahore

Universities

Punjab Government

Vice Chancellors appointed

Vice Chancellors

Secretary Higher Education Department