پاکستان میں کم از کم اجرت ایک ہزار ڈالرز کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار
لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان میں کم از کم اجرت ایک ہزار ڈالرز کرنے کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی، رجسٹرار آفس نے درخواست میں وزیراعظم اور وزرائے اعلی کو براہ راست فریق بنانے پر اعتراض عائد کیا تھا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے ایڈووکیٹ فہمید نواز کی درخواست پر بطورِ اعتراض سماعت کی، درخواست میں وزیراعظم اور تمام وزرائے اعلیٰ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پاکستان میں کم از کم تنخواہ محض 37 ہزار روپے ماہانہ ہے، تنخواہوں میں اضافے سے شہریوں کی قوت خرید بہتر اور معیشت مضبوط ہوگی، جس سے عالمی سرمایہ کاری پاکستان میں آئے گی، پاکستان کے لیبر قوانین میں فوری ترامیم کی ضرورت ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت پاکستان میں ایک ہزار ڈالر کے برابر ماہانہ تنخواہ مقرر کرنے کا حکم دے۔
بعد ازاں عدالت نے رجسٹرار آفس کا اعتراض برقرار رکھتے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔
Comments are closed on this story.