Aaj News

اتوار, نومبر 24, 2024  
21 Jumada Al-Awwal 1446  

وزیر داخلہ کا اسلام آباد میں نئی سڑکوں کے نام شہدا سے منسوب کرنے کا اعلان

محسن نقوی کی چوہدری شجاعت سے ملاقات، کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی مذمت
شائع 12 نومبر 2024 01:24pm

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی نئی سڑکوں کے نام شہداء سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی گلبرگ میں سربراہ مسلم لیگ (ق) چوہدری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر پہنچے اور ان سے ملاقات کی، صوبائی وزیر شافع حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔

چوہدری شجاعت حسین نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا سے اظہار یکجہتی کیا، محسن نقوی اور شجاعت حسین نے شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

سربراہ مسلم لیگ (ق) نے وفاقی حکومت سے تعمیر ہونے والی تمام نئی سڑکوں کو شہداء کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا جس پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں تعمیر ہونے والی نئی سڑکوں کے نام شہداء سے منسوب کرنے کا اعلان کر دیا۔

محسن نقوی نے کہا کہ دیگر صوبوں کے وزراء اعلیٰ سے اس پر عملدرآمد کے لیے بات کی جائے گی۔

چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ یہ کام شہدائے وطن اور ان کے خاندانوں کے ساتھ حکومت کے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی نظیر اقوام عالم میں نہیں ملتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے جام شہادت نوش کیا، یہ انمٹ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔

محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان شہدا کی عظیم قربانیوں کا قرض ادا نہیں کر سکتا، شہداء نے اپنے قیمتی لہو سے امن کی آبیاری کی ہے، شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ کھڑے رہیں گے، دھماکے بہادر پاکستانی قوم کا مقدر نہیں، قوم کی حمایت سے اس ناسور کا خاتمہ کریں گے۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری شافع حسین نے آسٹریلیا کے خلاف 22 برس ون ڈے سیریز جیتنے پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔

چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آپ کی محنت اور کھلاڑیوں کی کارکردگی نے جیت میں اہم کردار ادا کیا، کرکٹ ٹیم اور قوم کو ایسی شاندار فتح کا بہت عرصے سے انتظار تھا، امید ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں بھی پاکستانی ٹیم ایسی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

PMLN

ECP

اسلام آباد

Sikander Sultan Raja

Election Commission of Pakistan (ECP)