بانی پی ٹی آئی سے جیل ملاقاتوں پر پابندی کی درخواست نمٹا دی گئی
اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے جیل ملاقاتوں پر پابندی اور جیل میں سہولیات فراہمی کی درخواست نمٹا دی۔
جیل حکام نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالتی آرڈرز اور جیل رولز کے تحت تمام سہولیات ملیں گی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے نورین نیازی کی درخواست نمٹانے کا تحریری آرڈر جاری کر دیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق جیل حکام نے بانی ٹی آئی کو عدالتی آرڈرز اور جیل رولز کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی جبکہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے دستخط سے تفصیلی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی۔
190 ملین پاؤنڈ ریفرنس، عمران اور بشریٰ 342 کا بیان ریکارڈ کرائیں گے
رپورٹ کے مطابق جیل میں بانی پی ٹی آئی اوردیگر قیدیوں کی جیل ملاقاتوں سے پابندی ہٹا لی گئی ہے، ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے دہشت گرد حملوں کے خدشے کے پیش نظر جیل ملاقاتوں پر پابندی عائد کی تھی۔ جیل حکام کے مطابق پٹیشنر نورین نیازی کی جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرا دی گئی ہے۔
جیل حکام نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے عدالتی آرڈرکی روشنی میں کوآرڈینیٹرمقررکررکھا ہے لہٰذا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے خواہش مند مقررکردہ کوآرڈینیٹر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے مطابق بانی پی ٹی آئی کوجیل رولزکے مطابق جیل میں تمام سہولیات میسرہیں۔
جیل حکام نے یقین دہانی کرائی کہ بانی پی ٹی آئی کوعدالتی آرڈرزاورجیل رولزکے تحت تمام سہولیات ملیں گی۔ پٹیشنرکے وکلا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل اورڈی آئی جی جیل خانہ جات کے بیان سے مطمئن ہیں لہٰذا پٹیشنرکے وکلا کی تسلی کے باعث بانی پی ٹی آئی کو جیل سہولیات فراہمی کی پٹیشن نمٹائی جاتی ہے۔