Aaj News

جمعرات, دسمبر 26, 2024  
23 Jumada Al-Akhirah 1446  

سانحہ کوئٹہ : صوبائی حکومت کا 3 روزہ سوگ کا اعلان، ٹرین آپریشن معطل

جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق ادائیگی کی جائے گی، سی ای او پاکستان ریلویز
شائع 10 نومبر 2024 10:30pm

سانحہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر حکومت بلوچستان نے 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا، جبکہ کوئٹہ سے ٹرین آپریشن بھی معطل کردیا گیا ہے۔

سانحہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بلوچستان میں 11 سے 13 نومبر تک سوگ منایا جائے گا، اس 3 روزہ سوگ کے دوران صوبے میں سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

دوسری جانب چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) پاکستان ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی صورتحال اور مسافروں کی حفاظت کے پیشِ نظر کوئٹہ سے ٹرین آپریشن چار روز کیلئے روک رہے ہیں، کلیئرنس ملتے ہی کوئٹہ سے آپریشن دوبارہ بحال ہو جائے گا۔

سی ای او ریلویز عامر علی بلوچ نے کہا کہ پاکستان ریلویز نے حکومت بلوچستان اور سیکیورٹی اداروں کے بھر پور تعاون سے کوئٹہ کے ملک بھر سے رابطے کا آغاز ممکن بنایا تھا۔ اس طرح کا واقعہ ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹراما سینٹر میں پچاس زخمی داخل ہیں جن کی دیکھ بھال کیلیے ریلوے کی میڈیکل ٹیمیں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوئٹہ ڈویژن کی ٹیم نے دہشت گردی کے واقعے کے بعد جس طرح فوری ریسپانس دیا اور ریلیف آپریشن کا آغاز کیا وہ قابل تحسین ہے۔

عامر علی بلوچ نے کہا کہ جاں بحق افراد اور زخمیوں کو ریلوے انشورنس پالیسی کے مطابق ادائیگی کی جائے گی۔

پاکستان

quetta

Railway Station Blast