Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

علی امین گنڈا پور اور عاطف خان ایک دوسرے کیخلاف کُھل کر سامنے آگئے

پی ٹی آئی رہنما کے الزامات پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا آڈیو پیغام بھی سامنے آگیا
شائع 05 نومبر 2024 12:01pm

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے صوبائی صدر علی امین گنڈا پور اور پارٹی کے مرکزی رہنما عاطف خان ایک دوسرے کے خلاف کھول کر سامنے آگئے، عاطف خان کے خلاف محکمہ انٹی کرپشن کا نوٹس بھیجنے پر عاطف خان سیخ پا ہوگئے تھے۔

خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے نوٹس بھیجے جانے کے معاملے پر سابق صوبائی وزیر اور رکن قومی اسمبلی عاطف کے مبینہ آڈیو پیغام پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام بھی سامنے آگیا، سوشل میڈیا پر جاری کردہ آڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کے الزامات کا جواب دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے سابق صوبائی وزیر عاطف خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ جو بیانات دے رہے ہیں اور جس قسم کی باتیں کررہے ہیں وہ میں سن رہا ہوں، آپ پہلے معاملات کی تصدیق کرلیا کریں، میں اتنا فارغ بھی نہیں ہوں، میرے اوپر بڑی ذمہ داریاں ہیں جنہیں میں نبھا رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آپ حیثیت کی بات کررہے ہیں، آپ اس طرح کی باتیں نہ کریں، آپ کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتیں، ہم سارے آپس میں بھائی ہیں، آپ حیثیت کے چکر میں پڑیں گے تو پھر ہمیں آپ کی حیثیت کا اچھی طرح معلوم ہے۔

عاطف خان کو نیا نوٹس جاری، سرکاری فنڈ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی پر لگانے کا الزام

علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ آپ دھمکیوں اور بدمعاشی سے نہ کوئی ڈرتا ہے اور نہ ہی کوئی مانتا ہے، آپ اتنے اہم فرد نہیں کہ میں جس کے پیچھے پھرتا رہوں، آپ اعظم خان، پرویز خٹک اور محمود خان کے ساتھ نیب سے متعلق جو کہانی سنا رہے، آپ کے خلاف یہ انکوائری اور کیسز میں کھلی ہے، آپ نے 4 ماہ پہلے اسی گروپ میں میسج کیا تھا کہ ہماری انکوائریوں کا کیا ہوگا۔

آڈیو پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے عاطف خان کو مشورہ دیا کہ انکوائری سے بچنے کے لیے آپ کو پیش ہونا ہوگا اور اپنا نام کلیئر کرانا ہوگا ورنہ یہ فائلیں اسی طرح پڑی رہیں گی جنہیں بعد میں کوئی اور کھول لے گا، یہ آپ کو صرف اس لیے بھیجا گیا ہے کہ آپ آئیں اور جواب دیں اس کا، یہ وہ کہانی نہیں جو آپ سنا رہے ہیں، یہ کوئی اور کہانی ہے جس پر آپ کو طلب کیا گیا ہے۔

علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ چیزوں کو الٹ پلٹ کرکے خود سے کہانیاں گھڑنا اور کہنا کہ مجھے معلوم ہے کہ یہ کس نے کیا ہے اور میسج میں میرا نام لکھ کر کہنا کہ یہ اپنی حیثیت دکھا رہا ہے، مہربانی کرکے اس طرح کی باتوں سے گریز کریں، میں پہلے ہی آپ کو برداشت کررہا ہوں، آپ نے میڈیا پر آکر پہلے بھی ڈراما بنایا اور اب بھی بنا رہے ہیں، میں اتنا فارغ نہیں اور نہ آپ اتنے اہم ہیں کہ میں آپ کے خلاف اس طرح کی چیزیں نکالتا پھروں۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے محکمہ اینٹی کرپشن نے یکم نومبر کو بذریعہ نوٹس عاطف خان کو مالم جبہ اراضی اسکینڈل میں طلب کیا تھا۔ عاطف خان نے نوٹس بھجوائے جانے پر کہا تھا کہ سب جانتے ہیں اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں اور کس کے کہنے پر آیا ہے۔ یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی حرکت کرنے پر میں چپ بیٹھوں گا تو ایسا نہیں ہے، پارٹی کا نقصان عمران خان کا نقصان ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کردہ مبینہ آڈیو پیغام میں بات کرتے ہوئے عاطف خان نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ اینٹی کرپشن کا نوٹس کیوں آیا ہے، ان چیزوں سے فرق نہیں پڑتا، اس سے بڑی بڑی چیزوں سے نکل آئے ہیں۔ یہ کام کرنے والے اپنی حیثیت اور سوچ دکھا دیتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کو محکمہ اینٹی کرپشن نے طلب کرلیا

عاطف خان نے کہا تھا کہ اس سے پہلے بھی نیب نے انکوائری کی تھی اور بند کردی تھی، 2014 میں پرویز خٹک چیف منسٹر تھے اور محمود خان ٹورازم کے منسٹر تھے میں اس وقت نا منسٹر تھا اور نہ کوئی اور عہدا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ’سینیٹر محسن عزیز نے یہ پراسس کروایا تھا وہ اس وقت بورڈ آف انوسیٹمنٹ کو ہیڈ کررہے تھے اور اعظم خان اس وقت سیکرٹری ٹورازم تھے‘۔

خیبر پختونخوا

cm kpk

Ali Ameen gandapur

Ali Amin Gandapur

Atif Khan