چھیڑخانی اور سوشل میڈیا پر انسداد ٹرولنگ کیلئے محکمہ تعلیم کو قوانین بنانے کی ہدایت
لاہورہائیکورٹ نے اسکولوں میں بچوں کے ساتھ چھیڑخانی اور سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کے واقعات کے حوالے سے محکمہ تعلیم کو قوانین بنانے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق عدالت میں اس معاملے پر سماعت کے دوران سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ سماعت کے دوران عدالت نے سوال اٹھایا کہ ”کیا حکومت نہیں چاہے گی کہ ہمارے بچے خودکشیوں سے بچ جائیں؟“ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو چھیڑ خانی سے بچانے کے لیے مؤثر قوانین ہونے چاہئیں۔
سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اس موضوع پر پہلے سے کچھ قوانین موجود ہیں، لیکن ان میں چھیڑ خانی کے حوالے سے مزید شقیں شامل کی جا سکتی ہیں۔
عدالت نے اس معاملے کی مزید تحقیقات کے لیے سیکرٹری اسپیشل ایجوکیشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی اور سفارشات طلب کیں۔ کیس کی مزید سماعت 10 دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔
Comments are closed on this story.