Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ایشین بریڈ مین ظہیر عباس کو پی سی بی میں اہم عہدہ ملنے کا امکان

ظہیرعباس آئی سی سی کے چیئرمین رہ چکے ہیں
شائع 01 نومبر 2024 08:56pm

سابق ٹیسٹ کپتان ظہیرعباس پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) گورننگ بورڈ کا حصہ بن گئے جبکہ انہیں مزید اہم ذمہ داری ملنے کا بھی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق ظہیر عباس پی سی بی گورننگ بورڈ کے رکن بن گئے ہیں، اس شمولیت کے بعد چیئرمین سمیت اراکین کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ظہیرعباس آئی سی سی کے چیئرمین رہ چکے ہیں، ایشین بریڈ مین کے نام سے معروف عظیم بیٹسمین ظہیر عباس واحد کرکٹر ہیں، پی سی بی گورننگ بورڈ میں اسٹیٹ بینک کی نمائندگی کریں گے، ظہیر عباس کی گورننگ بورڈ میں اسٹیٹ بینک کے موجودہ ممبر معراج خان کی جگہ نامزدگی ہوئی ہے۔

ظہیر عباس نے اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات کے بعد ذمہ داری سنبھالنے پر رضا مندی ظاہر کی۔

دریں اثنا ترجمان پی سی بی کے مطابق سابق کرکٹر ظہیر عباس کی پی سی بی گورننگ بورڈ میں نامزدگی اسٹیٹ بینک نے کی ہے جبکہ گورننگ بورڈ کے ممبرزکی تعداد میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ کوویڈ19 کے سبب شدید علالت کا شکار ہونے کے بعد77 سالہ ظہیرعباس اب روبہ صحت ہیں، فرسٹ کلاس کرکٹ میں سینچریز کی سینچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر ظہیرعباس آئی سی سی کے چیئرمین رہ چکے ہیں۔

78 ٹیسٹ میں 12 سینچریز اور 20 ففٹیز کی مدد سے 5062 رنز بنانے والے ظہیر عباس نے 62 ون ڈے انٹرنیشنل میچز میں2572 رنز اسکور کیے جن میں 7 سینچریز اور 13 ففٹیز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ظہیر عباس اُن لوگوں میں شامل ہیں جنہوں نے ناقص کارکردگی پر بابر اعظم سے قیادت واپس لینے اور ٹیم سے نکالنے کا مطالبہ کیا تھا۔

PCB

lahore

State Bank Of pakistan

Zaheer Abbas

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

pcb governing board