Aaj News

بدھ, اکتوبر 30, 2024  
26 Rabi Al-Akhar 1446  

سعودی عرب کا پاکستانیوں کو بڑی تعداد میں ویزے دینے کا اعلان، وزیراعظم قطر روانہ

وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا وژن پیش کیا، عبدالعزیز
اپ ڈیٹ 30 اکتوبر 2024 04:27pm
Saudi ministers announces more visas for Pakistan, investment agreements with Shehbaz govt

وزیراعظم شہباز شریف ’فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں شرکت کے بعد سعودی عرب سے قطر روانہ ہوچکے ہیں، لیکن سعودی ریاست چھوڑنے سے قبل پاکستانیوں کیلئے ایک بڑی خوشخبری حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ ان کی روانگی سے قبل سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ پاکستانیوں کے لیے ویزوں میں اضافہ کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں سعودی عرب سے پاکستان کو زرمبادلہ بھیجنے میں اضافہ ہوگا، فوری طور پر صحت کے شعبے میں 300 ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم اور سعودی وزیر سرمایہ کاری کی مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران خالد بن عبدالعزیز نے وزیراعظم شہباز شریف کی ’فیوچر انویسٹمنٹ کانفرنس‘ میں شرکت پر کہا ہے کہ وزیراعظم اور ان کے وفد کی میزبانی کرنا ہمارے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، شہباز شریف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان کا وژن پیش کیا۔

خالد بن عبدالعزیز نے مزید کہا کہ ہمارا دورہ پاکستان انتہائی کامیاب رہا، اور سعودی عرب لاکھوں پاکستانیوں کے لیے دوسرا گھر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنا رہے ہیں۔

سعودی وزیر نے وضاحت کی کہ پاکستان میں 27 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے، جن کے تحت 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا۔ عبدالعزیز نے مزید کہا کہ یہ 27 مفاہمتی یادداشتیں اب بڑھ کر 34 ہو گئی ہیں، جس سے سرمایہ کاری کا حجم بڑھ کر 2.8 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔

خالد بن عبدالعزیز الفالح نے کہا کہ یہ دورہ اور مفاہمتی یادداشتیں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گی، اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی کے لیے نئے مواقع فراہم کریں گی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیوچر انوسٹمنٹ انی شی ایٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے، مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مل کر ترقی کی منازل طے کریں گے، سمجھوتوں کی ابھی سیاہی بھی خشک نہیں ہوئی اور ان پر کام بھی شروع ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سمجھوتوں کی ٹائم لائن پر عمل کریں گے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی بصیرت افروز قیادت میں ہم مشترکہ اہداف حاصل کریں گے۔

وزیراعظم قطر روانہ

وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کرکے قطر روانہ ہوچکے ہیں، ریاض کے نائب گورنر نے وزیراعظم شہبازشریف کو الوداع کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

Saudia Arabia

پاکستان

PM SHAHBAZ SHARIF