بجلی کی قیمتوں میں کمی کیلئے پاور سیکٹر میں اصلاحات کا عمل شروع
بجلی کی قیمتوں میں کمی اور دستیابی کو بہتر بنانے کے لیے نیشنل ٹاسک فورس نے پاور سیکٹر میں جامع اصلاحات کا عمل شروع کر دیا جبکہ وزیرتوانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ ایک نئی پاور مارکیٹ کا ڈھانچہ متعارف کرایا جائے گا جہاں صارفین بجلی خریدسکیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف کے احکامات پر پاور سیکٹر میں اصلاحات کے لیے نیشنل ٹاسک فورس کا قیام عمل میں لایا گیا، ٹاسک فورس میں چیئرمین وزیر توانائی اویس لغاری کے علاوہ آرمی آفیشلز اور دیگر اداروں کے نمائندے بھی شامل ہیں جبکہ اصلاحات سے بجلی کی قیمتوں میں کمی اور معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیر توانائی اویس لغاری کے مطابق پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 9.5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی وجہ سے یہ اصلاحات ناگزیر ہیں، اصلاحات کا مقصد بجلی کی قیمتوں میں کمی، بجلی کی دستیابی کو بہتر بنانا اور ایک مستحکم مسابقتی پاور مارکیٹ کا قیام ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے لیے کچھ آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں کی جانچ پڑتال اور کچھ کے ساتھ پرانےکنٹریکٹ ختم بھی کیے ہیں، جس سے نہ صرف بجلی کی قیمتوں میں کمی بلکہ حکومتی اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔
توانائی کے شعبہ میں ترسیل کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے 2 ارب ڈالر کی بیرونی فنانسنگ کا فیصلہ
اویس لغاری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے ڈسٹری بیوشن کمپنیز کی نجکاری کے منصوبے پر بھی کام شروع کر دیا ہے تاکہ بجلی کی فراہمی میں مزید بہتری اور شفافیت لائی جاسکے، پاور مارکیٹ کے قیام سے ایک ہی ڈسٹریبیوٹر پر انحصار کم ہوگا۔ اس ضمن میں انڈیپنڈنٹ سسٹم اینڈ مارکیٹ آپریٹر کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا۔
ماہرین کے مطابق ٹاسک فورس کے ان تمام اقدامات سے پاور سیکٹر میں جدت اور شفافیت جبکہ عام آدمی کی زندگی میں بہتری آئے گی۔