تحریک انصاف نے ملک میں ایک بار پھر فوری الیکشن کا مطالبہ کردیا
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ملک میں ایک بار پھر فوری الیکشن کا مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ 26 ویں ترمیم ہضم نہیں ہوئی، یہ 27 ویں ترمیم لا رہے ہیں، ملک ان سے نہیں چل رہا، بلاول بھٹو آپ کی خوبصورت جمہوریت ہے، آپ کے نانا نے جو آئین بنایا اس کو سپوتاژ کیا جارہا ہے، یہ جمہوریت نہیں ڈکٹیٹرشپ ہے، ان کا خیال ہے ہم دب جائے گے۔
ممبر قومی اسمبلی چوہدری اعجاز کی اہلیہ نے انکشاف کیا کہ کچھ روز قبل نامعلوم افراد نے ہمارے گھر پر چھاپہ مارا، اور ہمارے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ قابل بیان نہیں، 11 اکتوبر کو رات کو نامعلوم افراد نے ہمارے گھر پر دھاوا بولاملازمین پرتشدد کیا نازیبا حالات میں ویڈیو بنائی گئی استری سے جلایا گیا، میری 11 ماہ کی بچی کو پاؤں سے پکڑ کر گھسیٹا ہے، میرے سر پر چادر نہ پاؤں میں جوتے تھے۔
احتجاج کی کال تب دوں گا جب یقین ہوگا کہ 3 یا 4 لاکھ لوگ سڑکوں پر آئیں گے، سلمان اکرم راجہ
اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ میں نے قومی اسمبلی میں اس معاملے پر بات کی، وہاں فارم 47 کے وزیر اعظم سمیت اسپیکر بھی موجود تھے، چیف جسٹس آف پاکستان ہماری بہن کے تشدد کا نوٹس لیں۔
پی ٹی آئی کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جو ہماری بہن کے ساتھ ہوا ہر گھر میں ایسا کیس موجود ہے، لوگوں کے گھروں میں گھس کر تشدد کیا گیا، ایسا چنگیز خان کے دور میں بھی نہیں ہوا، قوم کو اب فیصلہ کرنا ہے محفوظ رہنا ہے یا نہیں، ہم پوری قوم سے اپیل کرتے ہیں جاگ جاؤ۔